وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ سے رکنِ قومی اسمبلی ملک منیر اقبال چنڑ کی ملاقات، ضمنی انتخابات میں حمایت پر شکریہ ادا کیا

وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ سے حلقہ این اے 168 بہاولپور سے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہونے والے ملک منیر اقبال چنڑ نے اپنے بھائی اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ کے ہمراہ ان کے دفتر میں ملاقات کی

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ سے حلقہ این اے 168 بہاولپور سے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہونے والے ملک منیر اقبال چنڑ نے اپنے بھائی اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ کے ہمراہ ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ستمبر 2026ء میں منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھرپور حمایت پر وفاقی وزیر اور ان کے اہلِخانہ بالخصوص ان کے صاحبزادے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ان انتخابات میں انہوں نے تقریباً 40 ہزار ووٹوں کی برتری سے شاندار کامیابی حاصل کی۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف قومی اسمبلی میں بلکہ انتخابی مہم کے دوران بھی بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انتخابی کامیابی عوام کی خدمت کے لئے ان کے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط بنائے گی۔وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے دونوں رہنماؤں کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے بہاولپور کے لئے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی عوام کے اپنے منتخب نمائندوں پر اعتماد اور بھروسے کی عکاس ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی حمایت ان کی سب سے بڑی طاقت ہے اور وہ بہاولپور کے عوام کی فلاح و بہبود اور مفادات کے تحفظ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ وفاقی وزیر نے چنڑ خاندان کی طویل سیاسی جدوجہد کا بھی ذکر کیا اور ان کے مرحوم والد کو خراجِ تحسین پیش کیا جو رکنِ قومی اسمبلی کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے وفات پا گئے تھے۔ انہوں نے مرحوم کی عوامی خدمت اور اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ مسلسل وابستگی کو سراہا۔