وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چوہدری محمود بشیر ورک اور چوہدری محمد اشرف کی سیاسی و سماجی خدمات قابل قدر ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ان کی وابستگی غیرمتزلزل تھی
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا چوہدری محمود بشیر ورک اور چوہدری محمد اشرف کو خراج عقیدت

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چوہدری محمود بشیر ورک اور چوہدری محمد اشرف کی سیاسی و سماجی خدمات قابل قدر ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ان کی وابستگی غیرمتزلزل تھی۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایوان دو بزرگ سیاست دانوں سے محروم ہوا ہے جن کی شخصیت اور سیاسی خدمات میں متعدد قدریں مشترک تھیں۔انہوں نے کہا کہ چوہدری محمود بشیر ورک کے ساتھ ان کا دیرینہ تعلق رہا۔ انہوں نے چوہدری محمود بشیر ورک کو انتہائی شفیق اور دیانتدار انسان قرار دیا۔
وفاقی وزیرنے کہاکہ تحصیل وزیرآباد میں چوہدری محمود بشیر ورک اور ان کے گائوں ایک دوسرے کے قریب واقع ہیں اور ورک خاندان کے بزرگوں کے ساتھ ان کے خاندان کے کئی دہائیوں پر محیط تعلقات رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چوہدری محمود بشیر ورک اس سے بھی زیادہ خراج عقیدت کے مستحق ہیں جو آج ایوان میں انہیں پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی دونوں بزرگ سیاست دانوں چوہدری محمود بشیر ورک اور چوہدری محمد اشرف کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔








