وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے یورپی کمشنر میگنس برنر کے اعزاز میں خصوصی تقریب وعشائیہ، یورپی ممالک کے سفارتکاروں کی بڑی تعداد میں شرکت
وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے یورپی کمشنر میگنس برنر کے اعزاز میں خصوصی تقریب وعشائیہ، یورپی ممالک کے سفارتکاروں کی بڑی تعداد میں شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے یورپین کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برنر (Magnus Brunner) کے اعزاز میں دارالحکومت اسلام آباد میں ایک پروقار اور خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے بعد ان کے اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے معزز مہمان یورپی کمشنر میگنس برنر اور یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے سفارت کاروں کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے معزز مہمانوں کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے قیام اور اس کی تاریخی اہمیت و پس منظر سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
تقریب میں یورپی یونین کے ساتھ ساتھ مختلف یورپی ممالک کے سفیروں اور سفارت کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء میں آسٹریا، بیلجیئم، بلغاریہ، چیک جمہوریہ، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، ہنگری، آئرلینڈ، اٹلی، نیدرلینڈز، رومانیہ، اسپین اور سویڈن کے سفارت کار شامل تھے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین، وزیر مملکت طلال چوہدری، اراکینِ سینیٹ اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔ یورپین کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن نے اسلام آباد کی قدرتی خوبصورتی، سرسبز و شاداب ماحول اور دلکش مناظر کی دل کھول کر تعریف کی۔ انہوں نے اور شریک یورپی سفارت کاروں نے شاندار میزبانی اور پُرتپاک استقبال پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔








