برازیل کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد کی پاکستان کے نیول اور ایئر چیفس سے الگ الگ ملاقاتیں، دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ
برازیل کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد کی پاکستان کے نیول اور ایئر چیفس سے الگ الگ ملاقاتیں، دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
راولپنڈی ۔13اکتوبر (اے پی پی):برازیل کی مسلح افواج کے چیف آف دی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ایڈمرل ریناٹو روڈریگس ڈی اگویار فریرے کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات کے دوران علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون کو مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے پیشہ ورانہ تربیت، باہمی دوروں اور مشترکہ مشقوں کے ذریعے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر معزز مہمان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے کردار کی تعریف کی۔ بعد ازاں ایئر ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے جدید خطوط پر استوار منصوبوں اور خود انحصاری کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ میں کائنیٹک، خلائی، سائبر، مصنوعی ذہانت اور الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں کو یکجا کرتے ہوئے تکنیکی ترقی اور خود انحصاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ایڈمرل فریرے نے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا۔ ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے مابین ادارہ جاتی تعاون، پیشہ ورانہ تبادلوں اور دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔








