ٹرکوں کی فروخت میں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 53 فیصد اضافہ، بسوں کی فروخت میں کمی

ملک میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹرکوں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 53 فیصد اضافہ جبکہ بسوں کی فروخت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):ملک میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹرکوں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 53 فیصد اضافہ جبکہ بسوں کی فروخت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا ستمبر 2026 کے دوران ملک میں ٹرکوں کے 2,516 یونٹس فروخت ہوئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ تعداد 1,643 یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی۔ستمبر 2026 کے دوران ٹرکوں کے 860 یونٹس فروخت ہوئے، جو اگست 2026 کے 802 یونٹس کے مقابلے میں 7 فیصد اور گزشتہ سال ستمبر کے 730 یونٹس کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں بسوں کے 211 یونٹس فروخت ہوئے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 221 یونٹس کے مقابلے میں تقریبا 5 فیصد کم ہیں۔ستمبر 2026 میں بسوں کی فروخت 73 یونٹس رہی، جو اگست کے برابر ہے، جبکہ گزشتہ سال ستمبر میں 94 بسیں فروخت ہوئی تھیں۔ اس طرح ستمبر 2026 میں بسوں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر تقریبا 22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔