فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے روسی وزیر داخلہ کی جی ایچ کیو میں ملاقات، دوطرفہ سکیورٹی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے روسی وزیر داخلہ کی جی ایچ کیو میں ملاقات، دوطرفہ سکیورٹی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

راولپنڈی ۔14اکتوبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے روسی فیڈریشن کے وزیرِ داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے بدھ کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں اہم ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اہم امور اور علاقائی سکیورٹی صورتِحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز رہی۔

اس موقع پر پاکستان اور روس کے سکیورٹی اداروں کے مابین ادارہ جاتی روابط کو مزید قریب لانے اور باہمی ہم آہنگی کو بہتر بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں بالخصوص سکیورٹی کے میدان میں عملی اور ٹھوس تعاون کو وسعت دینے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔

اس موقع پر معزز مہمان ولادیمیر کولوکولتسیف نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لئے پاکستان کے کلیدی کردار کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، غیر متزلزل عزم اور دی جانے والی لازوال قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید خبریں