وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات، معاشی پیش رفت اور اصلاحات سے متعلق ترجیحات پر تبادلہ خیال
وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات، معاشی پیش رفت اور اصلاحات سے متعلق ترجیحات پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
بنکاک۔14اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نائجل کلارک سے ملاقات کی اوران سے پاکستان کی معاشی پیش رفت اور اصلاحات سے متعلق ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ شراکت داری کو سراہتے ہوئے اصلاحات کے لیے مضبوط سیاسی عزم اور ان پر مسلسل عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے پاکستان کی بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں واپسی اور سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے معاشی طورپر کمزور طبقات کے تحفظ اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے ہدف پرمبنی فیول سبسڈی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، مسلسل تین سال بنیادی مالیاتی سرپلس کے حصول اور مجموعی قومی پیداوار کے تناسب سے قرضوں میں کمی پربھی روشنی ڈالی۔
ملاقات میں پائیدار معاشی نمو، پالیسیوں میں تسلسل اور مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے صحت اور تعلیم کے اخراجات کے تحفظ پر گفتگو ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ زرمبادلہ کے مناسب ذخائر برقرار رکھنے اور محصولات میں اضافے کیلئے اقدامات کے بہترنتائج سامنے آئے ہیں ،اس سے انسانی سرمائے، انفراسٹرکچر اور عوامی خدمات میں سرمایہ کاری کے لیے وسائل کی فراہمی میں مدد ملے گی۔







