حکومت عالمی اصولوں کی روشنی میں بصارت سے محروم افراد سمیت تمام خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مساوی مواقع کی فراہمی کیلئے پختہ ارادہ رکھتی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن پر پیغام
حکومت عالمی اصولوں کی روشنی میں بصارت سے محروم افراد سمیت تمام خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مساوی مواقع کی فراہمی کیلئے پختہ ارادہ رکھتی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر میں پوری قوم کی جانب سے بصارت سے محروم خصوصی افراد کی ہمت، حوصلے، ان کی بھرپور لگن اور زندگی کے لئے جذبہ و ولولہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، حکومت قومی عزم اور شمولیت، مساوات اور وقار کے عالمی اصولوں کی روشنی میں خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے پختہ ارادہ رکھتی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن جو 15 اکتوبر کو منایا جاتا ہے، کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بصارت سے محروم خصوصی افراد کو بااختیار بنانے اور معاشرے میں ان کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے ان کے اہلخانہ، معاشرتی معاونت اور متعلقہ خصوصی اداروں کی لگن، خلوص اور خدمات قابل ستائش ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سفید چھڑی کے تحفظ کا عالمی دن درحقیقت دنیا بھر میں بصارت سے محروم لاکھوں افراد کی خودمختاری، نقل و حرکت کی آزادی، خوداعتمادی اور وقار کو اجاگر کرنے کا دن ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سفید چھڑی ایک ایسا معاون ذریعہ ہے جو بصارت سے محروم افراد کو روزمرہ زندگی میں خودمختاری کے ساتھ حصہ لینے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے قابل بناتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں بصارت سے محروم خصوصی افراد کی شرکت اور ان کی کامیابیاں بھرپور تحسین کی مستحق ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ان تمام باصلاحیت افراد کی کامیابیوں اور نمایاں سنگ میل پر فخر ہے، بالخصوص صائمہ سلیم کی خدمات قابل فخر ہیں جو سفارت کار ہیں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ عالمی سفارتی فورم پر پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن انفرادی اور اجتماعی سطح پر احساس ذمہ داری کو فروغ دینے اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کی حوصلہ افزائی کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے، بلاشبہ یہ دن بصارت سے محروم افراد کے حقوق اور ضروریات کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان، قومی عزم اور شمولیت، مساوات اور وقار کے عالمی اصولوں کی روشنی میں خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے پختہ ارداہ رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت، صوبائی حکومتوں اور تمام متعلقہ ادراوں کے تعاون کے ساتھ، جامع اور سب کے لیے قابل رسائی تعلیمی اداروں، رکاوٹوں سے پاک کام کی جگہوں، محفوظ سڑکوں ، قابل رسائی عوامی عمارتوں اور ذرائع آمدورفت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ خصوصی افراد کی معاشرے میں مساوی شرکت کو ممکن بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ متحد ہو کر اجتماعی کوششیں معاشرتی ذمہ داری ہے کہ تمام جسمانی، سماجی اور ادارہ جاتی رکاوٹوں کو دور کریں جو خصوصی افراد کو اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنے اور اپنی استعداد کے مطابق آگے بڑھنے سے روکتی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام متعلقہ تنظیمیں، ادارے اور افراد بالخصوص پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کی کاوشیں لائق تعریف ہیں جو خصوصی افراد کے حقوق، تحفظ، خودمختاری اور معاشرتی شمولیت کے فروغ کے لیے لگن اور خلوص کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔







