چین میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی کی پاکستان ایمبیسی کالج کی طلبہ کونسل کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی شرکت

چین میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی کی پاکستان ایمبیسی کالج کی طلبہ کونسل کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی شرکت

بیجنگ۔15اکتوبر (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے بیجنگ میں پاکستان ایمبیسی کالج کے تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے طلبہ کونسل کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن (سی آئی ای) کے امتحانات میں نمایاں تعلیمی کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ کو سراہا گیا۔

جمعرات کو یہاں جاری بیان کے مطابق حریم نعیم نے آئی جی سی ایس ای کی سطح پر انگریزی بطور دوسری زبان کے مضمون میں دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ماہ نور بلال نے اردو بطور دوسری زبان، زینہ احمد نے اسلامیات اور رانیہ ملک نے پاکستان اسٹڈیز میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔پاکستانی سفیر نے طلبہ اور ان کے اساتذہ کی لگن اور محنت کو سراہا۔

ان اساتذہ میں انگریزی کے انور خان، اردو کے راؤ عبید الرحمٰن، اسلامیات کے نور مصطفیٰ اور پاکستان اسٹڈیز کی نایاب ارشد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں نہ صرف طلبہ کی اعلیٰ معیار کی تعلیم کے حصول کے عزم کی عکاس ہیں بلکہ ان کے اساتذہ کی محنت اور پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ کی معیاری تعلیم کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی کوششوں کا ثبوت بھی ہیں۔تقریب کے دوران نو منتخب طلبہ رہنماؤں کو اعزازی پٹیاں پہنائی گئیں، جن میں مختلف کلبوں کے صدور اور نائب صدور، کھیلوں کے کپتان، ہیڈ بوائے اور ہیڈ گرل شامل تھے۔ بعد ازاں نو منتخب طلبہ کونسل کے ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا اور دیانت داری و لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ہیڈ بوائے اور ہیڈ گرل نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنے خیالات پیش کیے۔اپنے خطاب میں سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے خوف پر قابو پائیں، اپنے اہداف پر توجہ مرکوز رکھیں اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے والدین اور اساتذہ سے رہنمائی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ قیادت ایک امانت ہے جسے دیانت داری، انصاف اور خدمت کے جذبے کے ساتھ نبھانا چاہیے۔

انہوں نے پاکستان اور چین کے تعلقات کے فروغ میں کالج کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ تعلیمی معیار میں بہتری، ثقافتی تبادلے اور چینی و بین الاقوامی برادریوں میں پاکستان کے ورثے اور روایات کے بارے میں بہتر تفہیم پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے نمایاں تعلیمی کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ کو اعزازی شیلڈز پیش کیں اور نو منتخب طلبہ کونسل کو مبارکباد دیتے ہوئے تمام طلبہ کے روشن مستقبل اور مسلسل کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔