نادرا کے خصوصی اقدامات، مردوں کے مقابلے خواتین کی رجسٹریشن میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ

نادرا کے خصوصی اقدامات، مردوں کے مقابلے خواتین کی رجسٹریشن میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کو باوقار شناخت دینے اور بااختیار بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کا اعلان کیا ہے جن کی بدولت گزشتہ ایک سال کے دوران مردوں کی نسبت خواتین کی رجسٹریشن کا تناسب 8 فیصد زائد رہا ۔

نادرا سے جاری تفصیلات کے مطابق دیہی علاقوں کی خواتین کی قومی رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لیے پہلی بار شناختی کارڈ بنوانے پر پیدائش سرٹیفکیٹ کی لازمی شرط میں رعایت دی گئی ۔ اس کے علاوہ دور دراز اور دیہی علاقوں میں مقیم خواتین کی سہولت کے لیے موبائل رجسٹریشن وینز کے وزٹس اور خصوصی رجسٹریشن مہمات کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ کوئی بھی خاتون شناختی دستاویزات سے محروم نہ رہے ۔

نادرا حکام کے مطابق خواتین کو پروقار اور پرسکون ماحول میں شناختی خدمات کی فراہمی کے لیے ملک بھر میں 18 ایسے خصوصی مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں عملہ مکمل طور پر خواتین پر مشتمل ہے۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں موجود تمام نادرا دفاتر میں خواتین سائلین کے لیے خصوصی کاؤنٹرز اور ترجیحی سہولیات کا مؤثر انتظام بھی کیا گیا ہے۔