سکیورٹی فورسز نے واشک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ و بارود برآمد کرلیا، آئی ایس پی آر

سکیورٹی فورسز نے واشک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ و بارود برآمد کرلیا، آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔15اکتوبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع واشک میں بھارتی پراکسی ”فتنہ الہندوستان“ کے خلاف بروقت اور فیصلہ کن انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو تباہ اور 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق12 اور 13 اکتوبر 2026 کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع واشک میں بھارتی پراکسی "فتنہ الہندوستان”سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی ایک آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے بر وقت اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیاجس کے نتیجے میں بھارت کے زیرِ سرپرستی سرگرم 5 دہشتگرد جہنم واصل کر دیے گئے۔کارروائی میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔

سکیورٹی فورسز اور پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ (جس کی منظوری نیشنل ایکشن پلان پر فیڈرل ایپکس کمیٹی نے دی تھی) کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی یہ بے لچک مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، تا کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کی لعنت کا مکمل صفایا کیا جا سکے۔