سائبر جرائم اور مالیاتی فراڈ کے خلاف این سی سی آئی اے کی کارروائیاں، دو ملزمان گرفتار، متاثرین کی لاکھوں روپے کی رقم برآمد

سائبر جرائم اور مالیاتی فراڈ کے خلاف این سی سی آئی اے کی کارروائیاں، دو ملزمان گرفتار، متاثرین کی لاکھوں روپے کی رقم برآمد

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ملک کے مختلف شہروں میں سائبر جرائم، آن لائن ہراسانی اور مالیاتی فراڈ کے خلاف منظم کارروائیاں کرتے ہوئے جہاں متاثرہ شہریوں سے ہتھیائی گئی لاکھوں روپے کی رقم برآمد کر کے ان کے حوالے کر دی، وہیں خواتین کو بلیک میل کرنے اور من گھڑت خبروں کے ذریعے ساکھ کو نقصان پہنچانے والے 2 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان کے مطابق این سی سی آئی اے فیصل آباد سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے واٹس ایپ کے ذریعے خاتون کے قابلِ اعتراض ذاتی ڈیٹا کا استعمال کر کے اسے بلیک میل اور ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 1 موبائل فون، مبینہ واٹس ایپ نمبر اور متاثرہ خاتون سے متعلق ڈیٹا برآمد کر لیا گیا۔ ملزم کے خلاف ترمیم شدہ پیکا ایکٹ کی دفعات 20، 21 اور 24 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب این سی سی آئی اے ایبٹ آباد سرکل نے سوشل میڈیا پر جھوٹی، بے بنیاد اور من گھڑت خبریں پھیلا کر شکایت کنندہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور انتشار پیدا کرنے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کی دفعات 20، 26-اے اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 109 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔مالیاتی فراڈ کے خلاف کارروائیوں کے دوران این سی سی آئی اے ایبٹ آباد سرکل نے ایک مؤثر آپریشن کے ذریعے آن لائن دھوکہ دہی کا شکار ہونے والے شہری کو 4 لاکھ 80 ہزار روپے کی لوٹی گئی رقم برآمد کروا کر واپس دلا دی۔

اسی نوعیت کی ایک اور کارروائی میں این سی سی آئی اے ملتان سرکل نے فوری ایکشن لیتے ہوئے خاتون شہری سے آن لائن فراڈ کے ذریعے ہتھیائی گئی رقم بحفاظت برآمد کر کے ان کے سپرد کر دی۔ادھر پشاور میں این سی سی آئی اے نے الیکٹرانک فراڈ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شہری کو 4 لاکھ 70 ہزار روپے کی رقم واپس کروائی۔ متاثرہ شہری سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کر کے فراڈ کیا گیا تھا، جس پر ایجنسی نے کارروائی کر کے رقم برآمد کی اور سرکل انچارج فیصل طارق نے سی سی آر سی پشاور میں باقاعدہ چیک کے ذریعے یہ رقم متاثرہ شہری کے حوالے کی۔

ترجمان این سی سی آئی اے نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا یا آن لائن پلیٹ فارمز پر کسی کو بھی رقم منتقل کرنے سے قبل متعلقہ فرد کی شناخت کی مکمل تصدیق یقینی بنائیں اور بلیک میلنگ یا کسی بھی قسم کے سائبر کرائم کی صورت میں بلا تاخیر ایجنسی سے رجوع کریں۔