صدر مملکت کا پشاور سکول حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس، زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے، متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد پہنچانے کی ہدایت

صدر مملکت کا پشاور سکول حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس، زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے، متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد پہنچانے کی ہدایت

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پشاور میں سکول کے المناک حادثے میں بچوں اور اساتذہ کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو ایوان صدر کے میڈیا وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اس دلخراش سانحہ نے پوری قوم کوصدمےسے دوچار کر دیاہے، دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

صدر مملکت نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور غمزدہ خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبرِ جمیل دے۔صدر مملکت نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

صدر مملکت نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد پہنچانے کی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے جامع تحقیقات اور مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام کے لیے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی معیار کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔