اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں رواں سال کا فلڈ سیزن باضابطہ طور پر اختتام پذیر ہو گیا اور ملک بھر کے تمام بڑے دریائوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے۔ محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن (ایف ایف ڈی) کی جانب سے جاری حتمی یومیہ فلڈ بلیٹن کے مطابق ملک کے کسی بھی مقام پر سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے اور اگلا پیشنگوئی بلیٹن 15 جون …
ملک بھر میں فلڈ سیزن ختم، تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں، فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن

مزید خبریں
اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں رواں سال کا فلڈ سیزن باضابطہ طور پر اختتام پذیر ہو گیا اور ملک بھر کے تمام بڑے دریائوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے۔ محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن (ایف ایف ڈی) کی جانب سے جاری حتمی یومیہ فلڈ بلیٹن کے مطابق ملک کے کسی بھی مقام پر سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے اور اگلا پیشنگوئی بلیٹن 15 جون 2027 کو جاری کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق ملک کے تمام اہم دریا بشمول سندھ، کابل، جہلم، چناب، راوی اور ستلج تمام گیجنگ سٹیشنز پر نچلے درجے کے سیلاب سے بھی نیچے ،معمول کی سطح پر بہہ رہے ہیں اور آئندہ دنوں میں بھی ان کے تمام رم سٹیشنز پر بہائو معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے۔
ڈیموں کی موجودہ صورتحال کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1518.80 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور اس کا لائیو سٹوریج 69.44 فیصد ہے جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1198.95 فٹ کے ساتھ لائیو سٹوریج 57.29 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔موسمیاتی صورتحال کے حوالے سے ایف ایف ڈی نے بتایا ہے کہ ملک کے شمالی حصوں پر مغربی ہوائوں کا سلسلہ بدستور برقرار ہے۔ اس کے زیرِ اثر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ، جہلم اور چناب کے بالائی کیچمنٹس کے علاوہ اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع (ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، چترال، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، سوات، دیر) اور شمالی پنجاب کے اضلاع (راولپنڈی، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور منڈی بہاؤالدین) میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔تاہم آئندہ 48 گھنٹوں اور 16 سے 21 اکتوبر تک کے ہفتہ وار آئوٹ لک کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا البتہ بعض بالائی و پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف کیچمنٹ ایریاز میں ریکارڈ کی گئی بارش کے مطابق دریائے جہلم کے کیچمنٹ میں جمالی بلوچاں میں سب سے زیادہ 88 ملی میٹر اور سرگودھا شہر میں 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دریائے سندھ کے کیچمنٹ میں جاپان برج پر 73 ملی میٹر، پھلڑا 33، کلام 29، مالم جبہ 24 اور ڈی آئی خان میں 23 ملی میٹر بارش ہوئی۔ دریائے چناب کے کیچمنٹ میں نور پور تھل میں 48 ملی میٹر جبکہ راوی کیچمنٹ میں لاہور کے مختلف علاقوں بشمول شادلی پورہ میں 28 ملی میٹر، ایئرپورٹ و چوک ناخدا 27، اپر مال 25، لکشمی چوک و تاج باغ میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔








