وزیرِ خزانہ کی موڈیزکے وفد سے ملاقات، پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں مزید بہتری کے امکانات پر تبادلہ خیال

وزیرِ خزانہ کی موڈیزکے وفد سے ملاقات، پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں مزید بہتری کے امکانات پر تبادلہ خیال

بنکاک ۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں مزید بہتری، معاشی اشاریوں میں پیش رفت اور عالمی سرمایہ منڈیوں تک رسائی کے امکانات پر موڈیز کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کیا ۔

وزیرِ خزانہ نے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر موڈیز کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے معاشی منظرنامے اور خودمختار کریڈٹ پروفائل کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری، مالیاتی اور بیرونی شعبے کے اشاریوں میں پیش رفت اور عالمی کیپٹل مارکیٹس تک دوبارہ رسائی کے امور زیرِ بحث آئے۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت بیرونی قرضوں کے مجموعی حجم میں اضافہ کیے بغیر مہنگے اور قلیل مدتی قرضوں کی جگہ طویل مدتی مالی وسائل حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

پاکستانی وفد نے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، جاری کھاتے کے خسارے کو محدود رکھنے اور سٹیٹ بینک کی فارورڈ واجبات میں کمی کو معاشی استحکام کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا۔محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف پروگرام کے بعد بھی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا عمل جاری رکھنے اور برآمدات پر مبنی پائیدار معاشی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیرِ خزانہ نے موڈیز کے نمائندوں سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں مزید بہتری کے امکانات پر بھی آرا طلب کیں اور زور دیا کہ درجہ بندی کے جائزے میں سیاسی وجغرافیائی خطرات کے ساتھ معاشی کارکردگی اور بنیادی معاشی اشاریوں کو بھی مناسب اہمیت دی جائے۔

مزید خبریں