پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان تعلیمی و سائنسی تعاون کے فروغ کے لیے پانچ سالہ معاہدہ
پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان تعلیمی و سائنسی تعاون کے فروغ کے لیے پانچ سالہ معاہدہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان تعلیمی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینے کے لیے وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، عرب لیگ کی تعلیمی، ثقافتی و سائنسی تنظیم (الیسکو) اور او آئی سی کامسٹیک کے مابین پانچ سالہ سہ فریقی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ معاہدے کے تحت پاکستان اور عرب ممالک کی جامعات، تحقیقی مراکز اور سائنسی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تعلیمی پروگراموں، کانفرنسوں، سیمینارز اور تربیتی ورکشاپس کے انعقاد سمیت طلبہ، اساتذہ اور محققین کے تبادلوں کو فروغ دیا جائے گا۔ اس شراکت داری کے تحت پاکستان کی منتخب جامعات میں الیسکو چیئرز قائم کرنے، پاکستانی اور عرب طلبہ کے لیے وظائف اور تربیتی مواقع فراہم کرنے، ماہرین کے تبادلوں اور بہترین تعلیمی و تحقیقی تجربات کے اشتراک پر بھی اتفاق کیا گیا۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب او آئی سی کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے خصوصی شرکت کی۔ وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، او آئی سی کامسٹیک کی جانب سے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور الیسکو کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد ولد أعمرنے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر وجیہہ قمر نے معاہدے کو پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان تعلیمی و سائنسی تعلقات کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس شراکت داری سے پاکستانی نوجوانوں، طلبہ، اساتذہ اور محققین کے لیے وظائف، تربیت، تعلیمی تبادلوں اور مشترکہ تحقیق کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ علم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بین الاقوامی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت پاکستان ایسے بامقصد ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے جو نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے اور جامعات کو عالمی علمی و تحقیقی نیٹ ورکس سے منسلک کرنے میں معاون ثابت ہوں۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ او آئی سی کامسٹیک سہ فریقی تعاون میں رابطہ کار کا کردار ادا کرتے ہوئے پاکستانی اور عرب جامعات، تحقیقی مراکز اور سائنسی اداروں کے درمیان روابط کے قیام، مشترکہ پروگراموں کی تشکیل اور ان پر مؤثر پیش رفت کو یقینی بنانے میں معاونت کرے گا۔ الیسکو کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد ولد أعمرنے معاہدے کو پاکستان اور عرب ممالک کے تعلیمی و سائنسی اداروں کو قریب لانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے تعلیم، ثقافت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں طویل المدتی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے سہ فریقی اشتراک کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے جامعات، سائنس دانوں اور نوجوان محققین کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے عرب دنیا کے ساتھ روابط مزید مستحکم ہوں گے۔








