وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی بینک آف امریکا کے سمپوزیم میں شرکت، پاکستان کی معاشی صورتحال ، اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کوبینک آف امریکا کے سمال ٹاکس سمپوزیم میں شرکت کی۔ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر منعقدہ سمپوزیم میں وزیرخزانہ نے پاکستان کی معاشی صورتحال اور اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ نے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس تک پاکستان کی دوبارہ رسائی اور مہنگے، قلیل مدتی …

بنکاک۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کوبینک آف امریکا کے سمال ٹاکس سمپوزیم میں شرکت کی۔ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر منعقدہ سمپوزیم میں وزیرخزانہ نے پاکستان کی معاشی صورتحال اور اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ نے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس تک پاکستان کی دوبارہ رسائی اور مہنگے، قلیل مدتی قرضوں کی جگہ طویل مدت کی مالی معاونت حاصل کرنے کی کوششوں کاتفصیل سے ذکرکیا۔

انہوں نے بیرونی شعبے کے اشاریوں میں بہتری، زرمبادلہ کے مضبوط ذخائر اور آئی ایم ایف کی تعریف کے مطابق خالص بین الاقوامی ذخائر کی مثبت صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے اور اس کے بعد بھی پالیسیوں پر اعتماد اور تسلسل برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔گفتگو میں ٹیکس انتظامیہ میں اصلاحات، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، نجکاری اور سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

وزیر خزانہ نے ٹیرف اصلاحات، مسابقتی نرخوں پر پیداواری وسائل کی دستیابی اور ہدفی مالی معاونت کے ذریعے برآمدات پر مبنی پائیدار معاشی ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے علاقائی تنازعات، توانائی کی قیمتوں کے دبائو اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

مزید خبریں