خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوامی مسائل کا حل حکومت کی ترجیح ہے، امیر مقام

وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ ماضی میں خیبر پختونخوا کے حالات اس قدر خراب ہو چکے تھے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشکل فیصلے کرنا ناگزیر ہو گیا تھا، جن کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ ملک کا مفاد ہر چیز پر مقدم ہے اور ذاتی مفادات کے لیے پورے ملک کو مفلوج نہیں کرنا چاہیے۔جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے …

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ ماضی میں خیبر پختونخوا کے حالات اس قدر خراب ہو چکے تھے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشکل فیصلے کرنا ناگزیر ہو گیا تھا، جن کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ ملک کا مفاد ہر چیز پر مقدم ہے اور ذاتی مفادات کے لیے پورے ملک کو مفلوج نہیں کرنا چاہیے۔جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کا سانحہ اور دہشت گردی کے دیگر واقعات سب کے سامنے ہیں، جبکہ ان پر خود بھی حملے ہوئے۔

اس وقت وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں تمام سیاسی جماعتیں نیشنل ایکشن پلان پر متفق ہوئی تھیں۔ یہ کسی ایک جماعت کی پالیسی نہیں بلکہ تمام جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ تھا، جس کا مقصد ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنا تھا۔انہوں نے محمود خان اچکزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مرکز اور خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے پشاور میں دفتر کھولنے کی بات بھی کی تھی اور لوگوں کو رہا کیا گیا، جس کے نتائج آج عوام بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس وقت ایسے اقدامات نہ کیے جاتے تو دہشت گردی کے خاتمے کی صورت حال مختلف ہو سکتی تھی۔

امیر مقام نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ذاتی مفادات کے لیے پورے ملک کو مفلوج کر رکھا ہے، جبکہ ملک پہلے اور افراد بعد میں آتے ہیں۔انہوں نے 11 اکتوبر کے حوالے سے کہا کہ اس روز انقلاب لانے اور عوام کے بڑی تعداد میں نکلنے کی توقعات ظاہر کی گئی تھیں، تاہم ان کے بقول عوام نے اس کال پر ردعمل نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اس سیاسی حکمت عملی کو مسترد کیا اور اب ملک ترقی کی راہ پر آگے بڑھ سکے گا۔وفاقی وزیر نے خیبر پختونخوا کے عوام اور پاکستان تحریک انصاف کے ان کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا جو ان کے قیادت کی کال پر باہر نہیں نکلے اور انہوں نے ملک کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پاکستان کی پوری قیادت خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پُرعزم ہے۔ صوبے کے عوام کو گزشتہ 13 سال کے دوران درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔امیر مقام نے وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام ان کے فیصلے سے خوش ہیں اور حکومت صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزید خبریں