وزارتِ مذہبی امور کے زیر اہتمام اکتالیسویں قومی مقابلہ حفظ قرآن و حسن قرأت کے دوسرے روز تقریب تقسیم انعامات

وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام اکتالیسویں قومی مقابلہ حفظ قرآن و حسن قرأت کے دوسرے روز مقابلوں کے بعد تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔ تقریب میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز، تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔ جمعرات کو منعقدہ تقریب کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر مرزا علی …

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام اکتالیسویں قومی مقابلہ حفظ قرآن و حسن قرأت کے دوسرے روز مقابلوں کے بعد تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔ تقریب میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز، تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔ جمعرات کو منعقدہ تقریب کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر مرزا علی محسود نے کہ جبکہ مہمان اعزاز معروف قاری سید صداقت علی تھے۔

تقریب کے منصفین میں پروفیسر ڈاکٹر قاری تاج افسر، قاری عبدالحنان حامد، قاری اکرام اللہ محسن اور قاری وجاہت رضا شامل تھے جبکہ منتظمین میں وزارت مذہبی امور کے جوائنٹ سیکرٹری شہباز مصطفیٰ، محمد عدیل اشرف، ڈاکٹر شاہد الرحمن، محمد افضل، رانا محمد مجاہد اور دیگر افسران شریک تھے۔ حفظ قرآن کی کیٹیگری میں خواتین و بچیوں میں ثوبیہ نور، انعم بی بی، بی بی فاطمہ، صابرہ بی بی، بشریٰ نور اور بشریٰ بی بی جبکہ حسنِ قرأت میں رمیسہ، سیدہ فاطمہ امجد، زویا، جویرہ، حمنہ سلیم اور توشیبہ وحید نے انعامات حاصل کئے۔

طلبہ کی حفظ کیٹیگری میں عمر زمان، محمد عمر، اویس علی، محمد سلیمان، عبدالرحمن، عفان عباسی، انصار احمد، محمد حمزہ، محمد عتیب، امیر حمزہ، محمد آفتاب اور عبداللہ جبکہ قرأت میں محمد شعیب، حماد اللہ، حافظ خبیب امیر، محمد فیض الحسن، محمد سالار اور محمد وجاہت حسین کو انعامات سے نوازا گیا۔ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ تقریب کا مقصد معاشرے میں قرآنی علوم، حفظ قرآن اور حسن قرأت کو فروغ دینا اور باصلاحیت حفاظ و قراء کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اول انعام حاصل کرنے والے حفاظ و قرأ کو عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔