وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا پاکستان ہاکی ٹیم کو نیشنل سپورٹس سٹی نارووال کو مستقل تربیتی مرکز بنانے کی پیشکش

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہاکی پاکستان کی قومی شناخت کی علامت ہے اور ملک اس کھیل میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہاکی پاکستان کی قومی شناخت کی علامت ہے اور ملک اس کھیل میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ جمعرات کو پاکستان ہاکی فیڈریشن اور وائٹل گروپ کے درمیان نوجوانوں کی شمولیت اور قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ روابط کے فروغ کے لیے شراکت داری کی دستاویز پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان ہاکی ٹیم کو نیشنل سپورٹس سٹی نارووال کو اپنا مستقل تربیتی مرکز بنانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی جدید تربیتی سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی ہاکی کے سنہری دور کی بحالی کے لیے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانا ضروری ہے تاکہ وہ عالمی میدانوں میں پاکستان کا پرچم دوبارہ بلند کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں نجی شعبے کی سرپرستی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اگر کھلاڑی معاشی مسائل سے آزاد ہوں تو وہ اپنی تمام تر توانائیاں کھیل اور اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر مرکوز کر سکتے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ کھلاڑی کی توجہ اس بات پر ہونی چاہیے کہ اگلا گول کیسے کرنا ہے، نہ کہ اپنے اخراجات کیسے پورے کرنے ہیں۔ اس مقصد کے لیے کھلاڑیوں کو مالی معاونت، بہتر سہولیات اور پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید کھیلوں میں مہارت کے ساتھ سائنس، ٹیکنالوجی اور اعداد و شمار کا استعمال بھی ناگزیر ہو چکا ہے۔ عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کے لیے کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس، ذہنی پختگی اور تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی کامیابی کا راز مسلسل مشق، نظم و ضبط اور غیر معمولی توجہ میں پوشیدہ ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت حاصل کرکے بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنا چاہیے۔احسن اقبال نے نیشنل اسپورٹس سٹی نارووال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ نیشنل سپورٹس سٹی میں ایک ہی مقام پر 14 کھیلوں کے لیے عالمی معیار کی سہولیات موجود ہیں، جن سے قومی کھلاڑیوں کی تربیت اور کھیلوں کے فروغ میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے

۔انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور وائٹل گروپ کے درمیان شراکت داری کو ملک میں ہاکی کے فروغ اور نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نجی شعبے اور کھیلوں کے اداروں کے باہمی تعاون سے پاکستان ہاکی کو نئی توانائی ملے گی اور باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔