پاکستان اور آئی ایف سی کا نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور آئی ایف سی کا نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے لیے پیداواری سرمایہ کاری، برآمدات میں اضافہ، جدت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر نے یہ بات جمعرات کو بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے 2026 کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر مختار دیوپ سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں پاکستان کے معاشی تبدیلی کے ایجنڈے کی حمایت، نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے اور پائیدار معاشی مواقع پیدا کرنے کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔احد چیمہ نے پاکستان میں آئی ایف سی کی سرگرمیوں میں ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈویژن ڈائریکٹرز کی تعیناتی سے ادارے کی موجودگی نمایاں ہوئی اور حکومت کے ساتھ روابط مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ایف سی کا سرمایہ کاری پورٹ فولیو 2022 کے بعد چار گنا بڑھ کر 2026 میں تقریبا 3 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ آئی ایف سی کی سرمایہ کاری کے لیے حکومتی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ واضح معیار وضع کیے جائیں تاکہ وسائل ان شعبوں میں صرف ہوں جو معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور برآمدی مسابقت میں موثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ، ہائوسنگ فنانس، زراعت اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس کو تعاون کے لیے ترجیحی شعبے قرار دیا۔انہوں نے ایس ایم ایز کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرنے، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ادارہ جاتی استعداد بڑھانے اور کاروباری اداروں کی مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانے کے لیے آئی ایف سی سے تعاون طلب کیا اور ہائوسنگ کے شعبے میں سستے گھروں کی فراہمی بڑھانے کے لیے طویل مدتی نجی فنانسنگ اور خطرات میں شراکت داری کے طریقہ کار متعارف کرانے پر زور دیا۔

وزیر اقتصادی امور نے ایگری کنیکٹ اقدام کے تحت کسانوں کی مالی معاونت، زرعی پیداوار کی پراسیسنگ، برآمدی معیار بہتر بنانے اور نجی شعبے کے ذریعے گندم ذخیرہ کرنے کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔پاکستان کی بنیادی ڈھانچے سے متعلق مالی ضروریات پوری کرنے میں پی پی پیز کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے آئی ایف سی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی دعوت دی تاکہ قابلِ عمل منصوبے تیار کرنے اور نجی سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی نشاندہی میں مدد مل سکے۔آئی ایف سی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبا ر کی ترقی اور مالی وسائل تک رسائی بڑھانے کے لیے جامع حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں مجوزہ فنڈ آف فنڈز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس کا مقصد اسٹارٹ اپس کی معاونت اور پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کو مضبوط بنانا ہے۔

احد چیمہ نے کہا کہ شراکت داری کی کامیابی کا اندازہ صرف متحرک کیے گئے سرمائے سے نہیں، بلکہ پیدا ہونے والے روزگار، بڑھتی ہوئی برآمدات، مضبوط ہوتے کاروبار اور خواتین، نوجوانوں اور چھوٹے کاروباری اداروں کے لیے وسیع ہونے والے مواقع سے بھی لگایا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ورلڈ بینک گروپ کے مختلف اداروں کے درمیان قریبی رابطہ ضروری ہے تاکہ مالی معاونت، تکنیکی مہارت اور ادارہ جاتی تعاون کو تیز رفتار عمل درآمد اور ٹھوس معاشی فوائد میں تبدیل کیا جا سکے۔فریقین نے نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے، کاروباری اداروں کو مضبوط بنانے اور پاکستان کے لیے پائیدار معاشی مواقع پیدا کرنے کی غرض سے باہمی تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔