وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی او ایم کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات، موسمیاتی نقل مکانی، ہنرمندی اور محفوظ ہجرت کے فروغ پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہنرمندی کی تربیت کو عالمی منڈی کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور محفوظ و باقاعدہ ہجرت کے مواقع بڑھانے سے معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کو بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سنگ …

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہنرمندی کی تربیت کو عالمی منڈی کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور محفوظ و باقاعدہ ہجرت کے مواقع بڑھانے سے معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کو بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سنگ آہ لی سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث نقل مکانی، ہنرمندی کے فروغ اور معاشی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ابتدائی انتباہی نظام اور آبادی کی نقل و حرکت سے متعلق اعداد و شمار کے موثر استعمال کے ذریعے قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کو مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی۔ اس کے علاوہ ہنرمندی کی تربیت کو عالمی منڈی میں افرادی قوت کی طلب سے ہم آہنگ کرنے اور محفوظ و باقاعدہ ہجرت کے مواقع بڑھانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔

وزیر خزانہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں کی معاشی خدمات اور ترسیلات زر باضابطہ ذرائع سے بھیجنے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ان رقوم کو پیداواری سرمایہ کاری میں بروئے کار لانے کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ملاقات میں موسمیاتی مالیات کے جدید طریقوں اور ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ ایسے منصوبے تیار کیے جا سکیں جو سرمایہ کاری اور مالی معاونت کے حصول کے لیے موزوں ہوں۔