بلاول بھٹو زرداری سے گورنر فیصل کریم کنڈی کی ملاقات،سکول سانحہ اور دہشتگردی کے خاتمے سے متعلق بریفنگ

بلاول بھٹو زرداری سے گورنر فیصل کریم کنڈی کی ملاقات،سکول سانحہ اور دہشتگردی کے خاتمے سے متعلق بریفنگ

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے زرداری ہائوس میں ملاقات کی اور پشاور میں ہونے والے سکول سانحے سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی۔پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ پشاور میں ہونے والے المناک حادثے میں 33 طلباء اور دو اساتذہ جاں بحق ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ سکول کے مالک کو ابتدائی تفتیش کے لئے حراست میں لے لیا گیا ہے۔فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ انہوں نے ایک انکوائری کمیٹی بنا دی ہے جو انہیں کل صبح حادثے کی وجوہات اور ذمہ داران کا تعین کرکے رپورٹ دے گی، اس سانحے کے متاثرہ لواحقین کو فی خاندان دس لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو تین لاکھ روپے امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ انہوں نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور جاں بحق ہونے والے طلباء اور اساتذہ کی نماز جنازہ کے بعد سوگوار خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک سانحہ ہے، ایسے اقدامات کئے جائیں کہ ایسے المناک واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔فیصل کریم کنڈی نے چیئرمین پی پی پی کو بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف صف اول میں لڑنے والے پولیس اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے خصوصی اقدامات کیے ہیں، خیبرپختونخوا میں نہ صرف پولیس اہل کاروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے بلکہ پولیس شہداء کے ورثاء میں پلاٹ بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے پولیس اہل کاروں کی امداد ایک لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ اگر دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے کوئی پولیس اہل کار خدانخواستہ مستقل معذوری کا شکار ہوجائے تو اس کی امداد پانچ لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے فرنٹ لائن کے جانباز پولیس سپاہیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کا قیام صوبے کی خوش حالی اور ترقی کے لئے بہت ضروری ہے۔