ازبک وفد کا پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے دفتر کا دورہ

ازبکستان کی ایجنسی فار ڈیولپمنٹ آف دی لائٹ انڈسٹری کے شعبہ سرمایہ کاری کے ڈپٹی ہیڈ شاخزود بختیاروف کی قیادت میں وفد نے پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے دفتر کا دورہ کیا اور دو طرفہ تجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا

سیالکوٹ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):ازبکستان کی ایجنسی فار ڈیولپمنٹ آف دی لائٹ انڈسٹری کے شعبہ سرمایہ کاری کے ڈپٹی ہیڈ شاخزود بختیاروف کی قیادت میں وفد نے پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے دفتر کا دورہ کیا اور دو طرفہ تجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان پی ایچ ایم اے کے مطابق سیالکوٹ دفتر میں پی ایچ ایم اے کے سنئیر نایب صدر نوید افضل میر نے ازبکستان کی ایجنسی فار ڈیولپمنٹ آف دی لائٹ انڈسٹری کے شعبہ سرمایہ کاری کے ڈپٹی ہیڈ شاخزود بختیاروف کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر پاکستان اور ازبکستان کے مابین تجارت کے فروغ، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس دوران خاص طور پر ہوزری، نٹ ویئر اور ٹیکسٹائل کے شعبوں پر خصوصی زور دیا گیا۔ ملاقات کا ایک اہم پہلو دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان سرحد پار سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے مشترکہ کاروباری منصوبوں کے قیام کے مواقع کا جائزہ لینا تھا۔