بلوچستان میں مویشیوں کے لیے 30 اجتماعی تالاب، پانی کے 40 ٹینک تعمیر کرنے کا منصوبہ
بلوچستان میں مویشیوں کے لیے 30 اجتماعی تالاب، پانی کے 40 ٹینک تعمیر کرنے کا منصوبہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):سعودی فنڈ برائے ترقی (ایس ایف ڈی) کی معاونت سے بلوچستان میں جاری بحالی ذرائع معاش منصوبے کے تحت مویشیوں کے لیے 30 اجتماعی تالابوں کی کھدائی اور پانی کے 40 ٹینکوں کی تعمیر کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور ذرائع معاش کی بحالی کے دیگر اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق مویشیوں کے لیے مجوزہ تالاب صوبے میں ذرائع معاش کی بحالی اور ضروری بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے منصوبے کے تحت کیے جانے والے متعدد اقدامات میں شامل ہیں۔دستاویز سے ظاہر ہوتا ہے کہ مویشیوں کے لیے 30 اجتماعی تالابوں کی کھدائی کے لیے بولی کا عمل 2024 میں شروع کیا گیا تھا، جبکہ بولیوں کی جانچ کے نتائج کی سعودی فنڈ برائے ترقی سے منظوری کا انتظار تھا۔
مجوزہ تالابوں کا مقصد مویشی پالنے والی آبادیوں، خصوصاً ان دیہی علاقوں میں جہاں پانی کی دستیابی ایک چیلنج ہے، جانوروں کے لیے پانی تک رسائی بہتر بنانا ہے۔منصوبے کے ایک اور اہم حصے میں پانی کا رخ موڑنے کے لیے 10 ڈھانچوں کی تعمیر اور کنوؤں کی بورنگ اور کھدائی شامل ہے۔ سعودی فنڈ برائے ترقی نے ان کاموں کے لیے بولیوں کی جانچ کی منظوری دے دی ہے، جبکہ معاہدے کے مسودے کی منظوری ابھی باقی ہے۔منصوبے میں پانی کے 40 ٹینکوں کی تعمیر بھی شامل ہے، جس کے لیے بولی کا عمل جاری ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔اس کے علاوہ سلائی مشینوں کی فراہمی بھی منصوبے کے تحت ذرائع معاش کی معاونت کی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔
دستاویز کے مطابق سعودی فنڈ برائے ترقی کے ایک وفد نے فروری 2026 میں منصوبے کا دورہ کیا، جس کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر نے وفد کو مختلف سرگرمیوں اور خریداری کے عمل میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پانچ سکیموں کی بولیوں کی جانچ کے نتائج منظوری کے لیے سعودی فنڈ برائے ترقی کو جمع کرائے گئے تھے۔ دستاویز کے مطابق پانی کا رخ موڑنے والے ڈھانچوں اور کنوؤں کے لیے بولیوں کی جانچ کی منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ دیگر زیر التوا سکیموں کے لیے منظوری کا انتظار تھا۔
منصوبے کے دائرہ کار میں بھی ردوبدل کیا گیا اور 150 کمروں کی تعمیر سے متعلق ایک ذیلی جزو کو ختم کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 0.13 ملین ڈالر کی بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔سرکاری دستاویز کے مطابق بحالی ذرائع معاش منصوبے پر مجموعی طور پر 32 فیصد عملی پیش رفت ریکارڈ کی گئی ہے۔یہ منصوبہ سعودی فنڈ برائے ترقی کی بلاعوض مالی معاونت سے بلوچستان کے محکمہ امور انسانی حقوق کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ذریعے نافذ کیا جا رہا ہے۔دستاویز میں منصوبے کی لاگت 1.50 ملین ڈالر درج کی گئی ہے، جبکہ اب تک 0.48 ملین ڈالر کے اخراجات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔








