کشمیر چوک انڈرپاس منصوبہ،تعمیراتی کام میں تیزی کے باعث راول ڈیم چوک تا کشمیر چوک سڑک بند، متبادل ٹریفک پلان جاری
کشمیر چوک انڈرپاس منصوبہ،تعمیراتی کام میں تیزی کے باعث راول ڈیم چوک تا کشمیر چوک سڑک بند، متبادل ٹریفک پلان جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس سے قبل میگا ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور تعمیراتی کام کو تیز کرنے کے لیے راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک تک شاہراہ کو تا حکمِ ثانی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کی ہدایات پر کشمیر چوک انڈرپاس پر دن رات کام جاری ہے، جس کی تکمیل سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہو کر صرف 16 سے 18 منٹ رہ جائے گا۔
شہریوں کی سہولت کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے متبادل روٹس جاری کر دیے ہیں۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق سیکریٹریٹ اور سرینہ ہوٹل کی جانب سے راولپنڈی جانے والے شہری سری نگر ہائی وے، نائنتھ ایونیو، مہرآباد پشاور روڈ یا لیک ویو یوٹرن سے مری روڈ استعمال کریں۔
راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے ڈرائیورز نائنتھ ایونیو، فقیر ایپی روڈ اور سری نگر ہائی وے سے گزریں۔پارک روڈ اور لہتراڑ روڈ کے مسافر سری نگر ہائی وے، سیونتھ ایونیو، شکرپڑیاں روڈ اور ٹیولپ ہوٹل روڈ کا راستہ اختیار کریں، جبکہ مری اور بہارہ کہو جانے والے براستہ فیض آباد، فیصل ایونیو، زیرو پوائنٹ، جناح سکوائر اور کونڑایاں والا چوک اپنی منزل کی طرف جا سکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق متبادل راستوں پر رش کے پیش نظر شہری سفر کے لیے 20 سے 25 منٹ کا اضافی وقت رکھ کر نکلیں۔ شاہراہوں پر ٹریفک اہلکار رہنمائی کے لیے تعینات ہیں، جبکہ ریڈیو آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 پر لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔








