وزیرِ خزانہ کی لازارڈکے وفد سے ملاقات، کان کنی میں سرمایہ کاری، مالیاتی تنوع اور خودمختار کریڈٹ ریٹنگ پر گفتگو

وزیرِ خزانہ کی لازارڈکے وفد سے ملاقات، کان کنی میں سرمایہ کاری، مالیاتی تنوع اور خودمختار کریڈٹ ریٹنگ پر گفتگو

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعہ کو لازارڈ کے وفد سے ملاقات کی۔ تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری، مالیاتی تنوع اور پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ خزانہ نے مشترکہ مالی معاونت، پائیداری سے ہم آہنگ قرضوں، ضمانت یافتہ سکوک اور قرضوں کے تبادلے سے متعلق تجاویز کا خیرمقدم کیا۔ ان اقدامات کا مقصد مالی وسائل کے حصول کے ذرائع کو وسعت دینا اور مالی معاونت کی شرائط کو بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس تک پاکستان کی بحال شدہ رسائی اور مزید بانڈز کے اجرا کے منصوبوں، بشمول پانڈا بانڈز کو بھی اجاگر کیا۔وزیرخزانہ نے اخراجات میں نظم و ضبط برقرار رکھنے، مالی وسائل کے حصول کی درمیانی مدت کی حکمتِ عملی سے ہم آہنگی اور سازگار منڈی حالات سے فائدہ اٹھانے کے لیے پیشگی تیاری کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں جانب سے خودمختار کریڈٹ ریٹنگ سے متعلق مشاورتی معاونت، پالیسیوں میں تسلسل اور معاشی لچک کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی، تاکہ ڈبل بی کریڈٹ ریٹنگ کے درجے کی جانب پیش رفت ممکن ہو سکے۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ آئندہ رابطہ کاری ڈیبٹ مینجمنٹ آفس اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ لازارڈ نے اپنی سفارشات پر مشتمل ایک مختصر نوٹ پیش کرنے کی تجویز دی۔

مزید خبریں