ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.04 فیصد کمی، سالانہ 11.38 فیصد اضافہ ریکارڈ

ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.04 فیصد کمی، سالانہ 11.38 فیصد اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.04 فیصد کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر 11.38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ قیمتوں کے حساس اعشاریے (ایس پی آئی) کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 15 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں روزمرہ استعمال کی سات ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 21 کی قیمتوں میں استحکام جبکہ 23 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں 23.05 فیصد، پیاز 4.90 فیصد، کیلا 2.59 فیصد، پٹرول 0.70 فیصد، باسمتی چاول 0.65 فیصد، چینی 0.62 فیصد اور گڑ کی قیمت میں0.36 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس کے برعکس دال چنا کی قیمت میں 4.97 فیصد، آٹا 3.36 فیصد، چکن 3.31 فیصد، انڈے 0.99 فیصد، دال ماش 0.98 فیصد، دال مسور 0.95 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.69 فیصد، شیرٹنگ 0.58 فیصد، پکی ہوئی دال 0.55 فیصد، ڈیزل 0.47 فیصد، ایل پی جی 0.42 فیصد اور تیار چائے کی قیمت میں 0.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔آمدنی کے لحاظ سے جائزہ لیا جائے تو 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے سب سے کم آمدنی کے گروپ کے لیے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.06 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے اور 44 ہزار 175 روپے سے زائد ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کے لیے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.04 فیصد، 0.01 فیصد، 0.02 فیصد اور 0.06 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔صارفین کے لیے قیمتوں کے حساس اعشاریے کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں