خصوصی بچے بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ اپنی قابلیت اور کارکردگی سے خود کو منوا سکتے ہیں،اسد ثقلین

ایڈیشنل سیکرٹری وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اسد ثقلین نے کہا ہے کہ خصوصی بچے بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ اپنی قابلیت اور کارکردگی سے خود کو منوا سکتے ہیں۔سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچے عام بچوں سے بھی بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):ایڈیشنل سیکرٹری وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اسد ثقلین نے کہا ہے کہ خصوصی بچے بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ اپنی قابلیت اور کارکردگی سے خود کو منوا سکتے ہیں۔سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچے عام بچوں سے بھی بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سفید چھڑی کا عالمی دن محض ایک دن نہیں بلکہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہر فرد کو زندگی گزارنے اور ترقی کرنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ سفید چھڑی صرف نقل و حرکت میں مدد کا ذریعہ نہیں بلکہ خود اعتمادی، خودمختاری، عزتِ نفس اور آزادی کی علامت بھی ہے۔اسد ثقلین نے کہا کہ یہ دن محض تقریبات اور تقاریر تک محدود رہنے کے بجائے اس عزم کی تجدید کا موقع ہے کہ ہم ایسا معاشرہ تشکیل دیں گے جہاں بصارت سے محروم افراد کو کسی قسم کی رکاوٹ یا امتیازی سلوک کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ نہ صرف تعلیمی اداروں اور دیگر سہولیات کو ہر فرد کے لیے قابلِ رسائی بنایا جائے بلکہ ہماری سوچ بھی ایسی ہو جو ہر شخص کو زندگی میں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے نہ صرف ہمارے مستقبل کی امید ہیں بلکہ آج بھی معاشرے کی طاقت اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے ارادے، صلاحیتیں اور خواب ہمارے لیے انتہائی قیمتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں بچوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے اپنی صلاحیتوں کا عملی اظہار کیا اور ثابت کیا کہ مواقع ملنے پر وہ اپنی قابلیت منوا سکتے ہیں۔اسد ثقلین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارتِ تعلیم تمام بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ہر بچہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھ سکے اور معاشرے کا فعال حصہ بنے۔

مزید خبریں