وفاقی وزیر پارلیمانی امورڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ امیگریشن کے حوالے سے دنیا میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان میں بھی مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی بجائے ای پاسپورٹ کے اجراء کو یقینی بنانے کےلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔
پاکستان میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی بجائے ای پاسپورٹ کے اجراء کو یقینی بنانے کےلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امورڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ امیگریشن کے حوالے سے دنیا میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان میں بھی مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی بجائے ای پاسپورٹ کے اجراء کو یقینی بنانے کےلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔
جمعہ کوقومی اسمبلی میں ملک شاکر بشیر اعوان کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ الیکٹرانک پاسپورٹ دنیا میں اس وقت امیگریشن کے حوالے سے تبدیل ہونے والی ٹیکنالوجیز میں آتا ہے، پاکستان میں بھی یہ الیکٹرانک پاسپورٹ متعارف کرایا جا رہا ہے اس میں الیکٹرانک چپ کی وجہ سے کسی قسم کی جعلسازی ممکن نہیں ہوتی ہماری پوری کوشش ہے کہ تقریبا ایک ماہ کے اندر ہم اس کو رائج کردیں لیکن ہماری آبادی بہت زیادہ ہے ،ہمارے پاسپورٹ آفسز کے بھی مسائل ہوتے ہیں اگر اس حوالے سے کچھ زیادہ وقت بھی لگ گیا تو الیکٹرانک پاسپورٹ کا مکمل اجراء جلد از جلد یقینی بنایا جائے گا۔
آسیہ ناز تنولی کے اسلام آباد میں صنعتی اداروں کے حوالے سے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پارلیمانی مور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کے سیکٹروں کی ترقی کا تمام تر کام سی ڈی اے کے پاس ہوتا ہے اور اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں زون ٹو اور زون فائیو ان میں ترقیاتی امور کا جائزہ اور کام آئی سی ٹی اور سی ڈی اے مل کر کرتے ہیں۔ڈاکٹر شرمیلا فاروقی کے ایک ضمنی سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سی ایس آر کا میکنزم موجود ہے اور ہمارے سیکٹورل ڈویلپمنٹ کے تمام پلان موجود ہیں، ان پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، وقت کے ساتھ ساتھ اس میں ترامیم بھی ہوتی ہیں ، آبادی میں اضافے کی وجہ سے اسلام آباد کی ضروریات تبدیل ہو رہی ہے، ماسٹر پلان اور اسلام آباد کی گرین بیلٹ اور خوبصورتی کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔
سید طارق حسین کے ایک ضمنی سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ کہ مشین ریڈایبل پاسپورٹ کے حوالے سے فاضل ممبر کی بات درست ہے ہم امیگریشن کے حوالے سے دنیا میں تیزی کے ساتھ آنے والی تبدیلیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ای پاسپورٹ کی طرف جا رہے ہیں ۔دنیا بھر میں ای پاسپورٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ای پاسپورٹ کے اجراءکے حوالے سے جو سسٹم لیا جا رہا ہے اس کی بھی یہی وجہ ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پارلیمانی مور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ملک کے تمام اضلا ع میں پاسپورٹ کے دفاتر موجود ہیں ہم کوشش کر رہے ہیں کہ تحصیل کی سطح پر بھی دفاتر قائم کیے جائیں، دور دراز علاقوں تک بھی پاسپورٹس کے اجرا ءکی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ملک بھر سے پاسپورٹ کے اجرا کی درخواستیں وصول کی جاتی ہیں انہیں اسلام آباد کے مرکزی دفتر میں بھیجا جاتا ہے، اسی طرح بیرون ملک بھی ہمارے سفارت خانوں میں جو پاسپورٹ کے اجراء کی درخواستیں آتی ہیں انہیں بھی اسلام آباد بھیجا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا نادراکا ادارہ اتنا بہتر کام کرتا ہے کہ دنیا کے کئی ممالک سے ہمارے عملے کو بلایا جاتا ہے۔رکن اسمبلی نیلم کے سوال کے جواب میں وزیر پارلیمانی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کے سیکٹر سی 14 کا 94 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ ای 12 سیکٹر کا سارا قبضہ لے لیا گیا ہے اور وہاں پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے۔








