نسٹ اور ترک ادارے ٹیکا کے درمیان نامیاتی کچرے سے کھاد بنانے کا معاہدہ

نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اور ترک ایجنسی برائے تعاون و روابط (ٹیکا)کے مابین ایک معاہدہ طے پاگیا جس کے تحت نسٹ کیمپس میں پیدا ہونے والے نامیاتی کچرے کو کارآمد کھاد میں تبدیل کرنے کے لیے گرین سائیکل کمپوسٹنگ کا آزمائشی کارخانہ لگایا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت کچرے کو دوبارہ کارآمد بنانے کے ساتھ ماحول دوست طرز عمل اپنانے اور وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اور ترک ایجنسی برائے تعاون و روابط (ٹیکا)کے مابین ایک معاہدہ طے پاگیا جس کے تحت نسٹ کیمپس میں پیدا ہونے والے نامیاتی کچرے کو کارآمد کھاد میں تبدیل کرنے کے لیے گرین سائیکل کمپوسٹنگ کا آزمائشی کارخانہ لگایا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت کچرے کو دوبارہ کارآمد بنانے کے ساتھ ماحول دوست طرز عمل اپنانے اور وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔معاہدے پر نسٹ کے پرو ریکٹر پلاننگ اینڈ ریسورسز محمد علی خان اور ٹیکا کی پاکستان کے لئے نمائندہ، سلیحہ تونا نے دستخط کیے۔

پاکستان میں ترکی کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو، ریکٹر نسٹ ڈاکٹر محمد زاہد لطیف اور دونوں اداروں کے سینئر نمائندے بھی تقریب میں موجود تھے۔منصوبے کے تحت جامعہ کی کینٹینوں، ہاسٹلز، باغبانی اور دیگر سرگرمیوں سے پیدا ہونے والے نامیاتی کچرے کو الگ جمع کرکے اس سے کھاد تیار کی جائے گی۔ حاصل ہونے والی کھاد کیمپس کی شجرکاری و تزئین، زرعی تحقیق اور تعلیمی سرگرمیوں میں استعمال کی جا سکے گی۔ یہ منصوبہ صرف کچرے کو ٹھکانے لگانے تک محدود نہیں ہوگا بلکہ تحقیق، طلبہ کے عملی منصوبوں اور تربیت کے لیے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

اس طرح طلبہ کو کچرے کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے قابل عمل طریقے سیکھنے اور ان میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔ معاہدے پر دستخط کے بعد مہمانوں نے کمپوسٹنگ پلانٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں تنصیب اور گرین سائیکل منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ریکٹر نسٹ ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے کہا کہ یہ سہولت طلبہ کے لیے ایک عملی تجربہ گاہ کا کردار ادا کرے گی جہاں انہیں پائیدار کچرا مینجمنٹ کا براہ راست تجربہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دو برادر ممالک کے محفوظ مستقبل کے لئے مشترکہ عزم اور عملی اقدامات کا استعارہ بھی ہے۔

نسٹ کے آفس آف سس ٹینیبلٹی کی قیادت میں شروع کیا گیا ،گرین سائیکل منصوبہ جامعہ میں ماحول دوست سرگرمیوں اور وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس کے ذریعے نامیاتی کچرے کو ضائع ہونے کے بجائے ایک فائدہ مند شے میں تبدیل کیا جائے گا۔یہ اقدام اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) بالخصوص ہدف نمبر 12 یعنی ذمہ دارانہ استعمال و پیداوار سے بھی ہم آہنگ ہے۔ نسٹ اس ہدف کے لیے اقوام متحدہ کے اکیڈمک امپیکٹ (یو این اے آئی) کے عالمی مرکز کی سربراہی کر رہی ہے۔ نسٹ اپنے کیمپس اور تعلیمی نظام میں وسائل کے محتاط استعمال، کچرے کی پیداوار میں کمی اور مستقل طریقوں کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔