وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت اور وژن کے تحت پاکستان میں زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وہ وزیراعظم کے خصوصی اقدام کے تحت ایک ہزار پاکستانی زرعی ماہرین کی چین …
زرعی شعبے کی جدید کاری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور عالمی تعاون کے فروغ کیلئے اقدامات جاری ہیں، وجیہہ قمر

مزید خبریں
اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت اور وژن کے تحت پاکستان میں زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وہ وزیراعظم کے خصوصی اقدام کے تحت ایک ہزار پاکستانی زرعی ماہرین کی چین میں قلیل مدتی تربیت کے پروگرام کے آخری گروپ کی روانگی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
تقریب میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے اعلیٰ حکام، ایچ ای سی کے نمائندگان اور تربیت کے لیے منتخب زرعی ماہرین نے شرکت کی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ اہم اقدام پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی، زرعی پیداوار میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک 885 پاکستانی زرعی ماہرین چین کے پانچ تعلیمی و تحقیقی اداروں سے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کرکے وطن واپس آ چکے ہیں جو اس قومی منصوبے کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔
وجیہہ قمر نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبے کو موسمیاتی تبدیلیوں، پانی کی قلت، کم پیداوار اور جدید ٹیکنالوجی تک محدود رسائی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لیے جدید تحقیق، تکنیکی مہارت اور بین الاقوامی تجربات سے استفادہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان زرعی تعلیم، سائنسی تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کی دیرینہ تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا۔ وزیر مملکت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق، بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے اور چینی شراکت دار اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق سندھ کے امیدواروں کے لیے سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں خصوصی تربیتی انتظامات کو بھی خوش آئند قرار دیا۔
وجیہہ قمر نے تربیت کے لیے چین روانہ ہونے والے زرعی ماہرین پر زور دیا کہ وہ جدید علم اور عملی تجربہ حاصل کرکے وطن واپسی پر کسانوں کی معاونت، زرعی تحقیق اور جدید طریقۂ کاشت کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی متحرک قیادت میں حکومت پاکستان ہنرمند افرادی قوت کی تیاری، بین الاقوامی تعلیمی شراکت داری اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے ایک خوشحال، خودکفیل اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر مملکت نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام نہ صرف پاکستان میں زرعی ترقی اور غذائی تحفظ کو فروغ دے گا بلکہ پاک چین دوستی اور باہمی تعاون کو بھی نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔








