شہیدِ ملت لیاقت علی خان کی قومی خدمات اور قربانیاں تاریخِ پاکستان کا روشن باب ہیں، ان کے افکار آج بھی مشعلِ راہ ہیں،سید یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شہیدِ ملت نوابزادہ لیاقت علی خان کی 75ویں برسی پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تحریکِ پاکستان کے عظیم رہنما اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کے بااعتماد ساتھی تھے جنہوں نے قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں تاریخی کردار ادا کیا، ان کی سیاسی بصیرت، اصول پسندی، ایثار اور پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی قومی تاریخ کا قابلِ …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شہیدِ ملت نوابزادہ لیاقت علی خان کی 75ویں برسی پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تحریکِ پاکستان کے عظیم رہنما اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کے بااعتماد ساتھی تھے جنہوں نے قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں تاریخی کردار ادا کیا، ان کی سیاسی بصیرت، اصول پسندی، ایثار اور پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی قومی تاریخ کا قابلِ فخر سرمایہ ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے پہلے وزیراعظم کی حیثیت سے شہیدِ ملت نے انتہائی مشکل حالات اور محدود وسائل کے باوجود نومولود ریاست کی رہنمائی کی، قومی اداروں کے استحکام، جمہوری روایات کے فروغ اور ملکی سلامتی کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے قائداعظمؒ کے وژن کے مطابق جمہوریت، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، سماجی انصاف اور مساوات پر مبنی پاکستان کی بنیادیں مضبوط بنانے کے لئے بھرپور جدوجہد کی، ان کی قربانیاں اور قومی خدمات آج بھی پوری قوم بالخصوص نوجوان نسل کے لئے مشعلِ راہ ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہیدِ ملت کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ان کے اصولوں اور نظریات کو اپناتے ہوئے قومی اتحاد، جمہوری اقدار اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے مشترکہ کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نئی نسل کو تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں کی جدوجہد اور قیامِ پاکستان کے مقاصد سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے شہیدِ ملت کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لئے دعا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لئے ان کے افکار سے رہنمائی حاصل کی جاتی رہے گی۔

مزید خبریں