پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی، سائنسی اور تحقیقی تعاون کا فروغ دونوں ممالک کے روشن مستقبل اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کی کامیابی کیلئے اہم ہے، ڈاکٹر نیاز احمد اختر
پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی، سائنسی اور تحقیقی تعاون کا فروغ دونوں ممالک کے روشن مستقبل اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کی کامیابی کیلئے اہم ہے، ڈاکٹر نیاز احمد اختر

مزید خبریں
اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی، سائنسی اور تحقیقی تعاون کا فروغ دونوں ممالک کے روشن مستقبل اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کی کامیابی کے لیے اہم ہے۔ چین کی ہاربن انجینئرنگ یونیورسٹی میں سی پیک جامعات کے چھٹے کنسورشیم کی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پاکستان اور چین کی 40 سے زائد جامعات اور تحقیقی اداروں کے 120 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا انعقاد اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان اور چائنا ایسوسی ایشن آف ہائر ایجوکیشن کی رہنمائی میں کیا گیا۔
چیئرمین اعلیٰ تعلیمی کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ کانفرنس میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ کانفرنس میں پیش کی گئی سالانہ پیش رفت رپورٹ میں مصنوعی ذہانت، زراعت، کان کنی، بحری معلومات اور صحت عامہ کے شعبوں میں مشترکہ تحقیق، انسانی وسائل کی ترقی اور علمی تبادلوں کے حوالے سے پیش رفت کو اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر اعلیٰ تعلیم کے طلبہ کے لیے تحقیقی دوروں کے پروگرام کا بھی افتتاح کیا گیا جس کا مقصد پاکستانی اور چینی جامعات کے طلبہ کو ایک دوسرے کے تحقیقی تجربات سے استفادے، علمی روابط کے فروغ اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ کانفرنس کے دوران ہاربن انجینئرنگ یونیورسٹی اور پاکستانی جامعات کے درمیان تعلیمی تعاون کے معاہدوں پر بھی پیش رفت ہوئی۔ ان معاہدوں کا مقصد اساتذہ اور محققین کے تبادلوں، تعلیمی شراکت داری اور مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
کانفرنس کے تحت بحری معلومات، مصنوعی ذہانت، جدید مواد و ذہین صنعت سازی اور نوجوانوں کی شمولیت کے موضوعات پر چار خصوصی فورمز بھی منعقد ہوئے جن میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں، جدت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سی پیک کے تحت پاکستان اور چین کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ علم، ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں اور دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔








