اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ کی ابتدائی عوامی پیشکش کے پراسپیکٹس میں اہم تضادات پر ریگولیٹری کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ آئی پی او کے لیے پراسپیکٹس کمپنی کے آڈٹ شدہ فنانشل اسٹیٹمنٹ میں فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر تیار کیا جاتا ہے۔واضح رہے ایس ای سی پی نے سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے بک …
ایس ای فروٹس کے مالی انکشافات پر ایس ای سی پی کی کارروائی، آڈٹ کے نظام کو مضبوط بنانے پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ کی ابتدائی عوامی پیشکش کے پراسپیکٹس میں اہم تضادات پر ریگولیٹری کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ آئی پی او کے لیے پراسپیکٹس کمپنی کے آڈٹ شدہ فنانشل اسٹیٹمنٹ میں فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر تیار کیا جاتا ہے۔واضح رہے ایس ای سی پی نے سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے بک بلڈنگ کے بعد کی کارروائی روک دی تھی۔ کمپنی نے بعدازاں مزید جامع انکشافات کے ساتھ مستقبل میں دوبارہ درخواست دینے کے ارادے سے رضاکارانہ طور پر آئی پی او واپس لے لیا۔ سرمایہ کاروں کی جمع شدہ رقوم واپس کر دی گئی ہیں۔
آئی پی او کے ذریعے سٹاک ایکسچینج سے سرمایہ حاصل کرنے کے لیے کسی بھی کمپنی کو اپنی مالی حالت، کاروباری منصوبوں اور رسک کی تفصیلات پراسپیکٹس میں ظاہر کرنا ہوتی ہیں تاکہ سرمایہ کار باخبر ہو کر درست فیصلے کرسکیں۔ ابتدائی عموامی پیشکش کے مراحل اور ذمہ داریوں کے مطابق (الف) کمپنی درست مالی ریکارڈ تیار کرتی ہے اور کاروبار سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرتی ہے۔(ب) بیرونی آڈیٹر کمپنی کے مالی گوشواروں کا آڈٹ کرتا ہے۔ (ج) کنسلٹنٹ ٹو دی ایشو ضروری چھان بین یعنی ڈیو ڈیلیجنس کرتا ہے، پراسپیکٹس کا مسودہ تیار کرتا ہے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو درخواست جمع کرواتا ہے۔(د) پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی لسٹنگ کمیٹی درخواست کا جائزہ لیتی ہے، جبکہ پراسپیکٹس کے مسودے پر عوامی آرا بھی طلب کی جاتی ہیں۔(ہ) کمپنی اور کنسلٹنٹ اٹھائے گئے نکات کے جوابات دیتے ہیں، معلومات مکمل کرتے ہیں اور ڈیو ڈیلیجنس سرٹیفکیٹ جمع کرواتے ہیں۔ اس کا مقصد سرمایہ کاروں کے لیے مکمل شفافیت یقینی بنانا ہے۔
(و) پاکستان سٹاک ایکسچینج لسٹنگ کی درخواست پر فیصلہ کرتی ہے، جس کے بعد ایس ای سی پی پراسپیکٹس کی منظوری کا فیصلہ کرتا ہے۔منظوری کے بعد کمپنی منظور شدہ پراسپیکٹس پی ایس ایکس کے آن لائن پورٹل پرائیڈ پر شائع کرتی ہے اور بک بلڈنگ کا عمل شروع ہوتا ہے۔سکیورٹیز ایکٹ، 2015 کی دفعات 134 اور 136 کے تحت دھوکے سے سرمایہ کاروں کو سیکیورٹیز کے لین دین پر آمادہ کرنا اور جھوٹے یا گمراہ کن بیانات دینا فوجداری جرائم ہیں۔ایس ای سی پی ایس ای فروٹس کے آئی پی او کا جائزہ لے رہا ہے تاکہ طریقہ کار میں بے ضابطگیوں کی ذمہ داری طے کی جاسکے جہاں خلاف ورزیاں ثابت ہوں گی، مناسب کارروائی کی جائے گی۔درست مالی گوشوارے اور قابلِ اعتماد آڈٹ سٹاک مارکیٹ میں حصص کی منصفانہ قیمتوں کے تعین، بینکوں کے قرض دینے کے فیصلوں اور درست ٹیکس تخمینوں کے لیے ضروری ہیں۔
گمراہ کن حسابات سرمایہ کاروں، قرض دینے والے اداروں اور حکومتی محاصل کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔یہ معاملہ آڈٹ اوورسائٹ بورڈ (اے او بی) کو مضبوط بنانے کی ضرورت بھی اجاگر کرتا ہے۔ ایس ای سی پی نے اس کے قانونی ڈھانچے کو بین الاقوامی طریقوں اور انٹرنیشنل فورم آف انڈیپنڈنٹ آڈٹ ریگولیٹرز کے اصولوں سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا ہے۔دنیا بھر میں کسی بھی کمپنی کی مالیاتی اسٹیٹمنٹ کی ساکھ آڈیٹرز کی رپورٹ کی بنیاد پر بنتی ہے۔آڈیٹرز کے لیے ایک مؤثر ریگولیٹری فریم ورک یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے آڈٹ اور سائٹ بورڈ کو با اختیاربنانا اور اس ادارے کو مناسب تکنیکی عملہ اور مالی وسائل فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔








