وفاقی وزیرِ خزانہ کی برطانوی وزیرِ برائے بین الاقوامی ترقی سے ملاقات، معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری، توانائی کی منتقلی اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت پر تبادلہ خیال
وفاقی وزیرِ خزانہ کی برطانوی وزیرِ برائے بین الاقوامی ترقی سے ملاقات، معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری، توانائی کی منتقلی اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
بنکاک۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعہ کو برطانیہ کی وزیرِ برائے بین الاقوامی ترقی کرسٹی میک نیل سے ملاقات کی۔ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں 2026 کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں معاشی اصلاحات، دوطرفہ تعاون اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزیرِ خزانہ نے مالیاتی استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس تک پاکستان کی دوبارہ رسائی پرروشنی ڈالی ۔ انہوں نے برآمدات پر مبنی نمو، ٹیکس اور ٹیرف اصلاحات، آئی ٹی برآمدات میں اضافے اور فری لانسرز کی مہارتوں کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیرخزانہ نے ریمیٹ کے ذریعے برطانیہ کی معاونت اور ریفارمز فار گروتھ پروگرام کے لئے تعاون کو سراہا۔ وزیرِ خزانہ نے برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کی جانب سے سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے امکانات کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں نجکاری، ہوائی اڈوں کے انتظام کو آئوٹ سورس کرنے اور ایوی ایشن کے شعبے میں تعاون بالخصوص ایئربس اور رولز رائس کے ساتھ ممکنہ اشتراک پر بھی گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے شمسی توانائی کے استعمال میں اضافے، بیٹری سٹوریج، بجلی کے ترسیلی نظام کی پائیداری اور توانائی کی منتقلی کے لئے برطانیہ کی تکنیکی معاونت کے امکانات کا جائزہ لیا۔فریقین نے موسمیاتی مالی معاونت تک آسان رسائی اور قابلِ سرمایہ کاری منصوبوں کی تیاری کی اہمیت پر اتفاق کیا ۔ وزیرِ خزانہ نے آفات سے نمٹنے کی تیاری اور برِج اقدام کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔








