غربت کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، حکومت عوام کی معاشی و سماجی ترقی کیلئے مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ،وزیراعظم شہباز شریف کا غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام

غربت کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، حکومت عوام کی معاشی و سماجی ترقی کیلئے مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ،وزیراعظم شہباز شریف کا غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی اور عالمی سطح پر غربت کے خاتمے، عدم مساوات میں کمی، ترقی کے مساویانہ مواقع کی فراہمی کے لئےمشترکہ، موثر اور عملی اقدامات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کی معاشی و سماجی ترقی کیلئے مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ، نوجوانوں کے لئے باعزت روزگار، کاروبار اور معاشی مواقع ہی غربت کے خاتمے کے اصلی ضامن ہیں، غربت کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، حکومت ،صوبائی حکومتوں، ترقیاتی شراکت دار، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور مقامی آبادیوں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی سماجی و معاشی طور پر محفوظ، ذرائع معاش میں خودانحصار اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن پاکستان یقینی بنایا جا سکے گا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق غربت کے خاتمے کے عالمی دن جو عالمی سطح پر اقوام متحدہ کی جانب سےتین سالہ عالمی مہم (2026 سے 2028) کے موضوع ’’امن اور انسانی حقوق کے لئے متحد‘‘ اور سال 2026 کے ذیلی موضوع ’’سب کے لئے محفوظ گھر‘‘ کے زیر عنوان منایا جا رہا ہے،کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس دن پر قومی اور عالمی سطح پر غربت کے خاتمے، عدم مساوات میں کمی، ترقی کے مساویانہ مواقع کی فراہمی کے لئے مشترکہ، موثر اور عملی اقدامات کے عزم کا اعادہ کرتا ہے،ہر شہری کے سماجی و معاشی حقوق کا تحفظ، عزت و وقار کی حفاظت اور معاشی آسودگی کے مساوی مواقع بلاشبہ بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہیں، غربت کا خاتمہ درحقیقت معاشرتی تقسیم اور دیگر سماجی برائیوں کے خاتمے کا باعث بھی بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال اس دن کے یہ عنوانات غربت کے خاتمے، پُرامن منصفانہ معاشرہ کے قیام کے لئے مشترکہ اور متحد کاوشوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں، مالی خوشحالی، خوراک کی وافر فراہمی کے ساتھ ساتھ محفوظ رہائش غربت کے خاتمے کے ثمرات میں شامل ہے، محفوظ اور باوقار رہائش درحقیقت شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے، حکومت نے شہریوں بالخصوص مالی لحاظ سے کمزور طبقات کی باعزت رہائش کے حصول کے لئے وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے تحت آسان قرضے فراہم کر رہی ہے، مالی مشکلات کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سیلاب و بارشیں بھی رہائش کی کمی کا باعث بنتی ہیں،وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے تحت قابل استطاعت گھروں کی تعمیر و خریداری کے لئے مالی معاونت تک رسائی بڑھائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی سماجی و معاشی بہبود کے لئے اقدامات حکومت کی آئینی ذمہ داری ہیں، آئینِ پاکستان فلاحی ریاست کے قیام کے لئے قومی عزم کا آئینہ دار ہے،اس آئینی ذمہ داری کی روشنی میں حکومت مربوط حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے، سماجی تحفظ کو انسانی ترقی، ہنرمندی کے فروغ، ذریعہ معاش، روزگار اور معاشی خودمختاری کے اقدامات سے منسلک کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ براہ راست مالی معاونت کے لئے حکومت نے سماجی بہبود کے پروگرام بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بھرپور انداز سےجاری رکھا ہوا ہے، مستحق افراد کو استحصال سے بچانے اور امداد کی تقسیم کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے قومی سماجی و معاشی رجسٹری اور ڈیجیٹل سماجی تحفظ والٹ کا اجراء کیا گیا ہے، ڈیجیٹل تقسیم کے ذریعے مستحق افراد کی مؤثر نشاندہی، شفافیت اور مالیاتی شمولیت مزید مستحکم ہوئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مستحق افراد کے مستقل ذریعہ معاش کے بندوبست کے لئے حکومت تعلیم کے مساوی مواقع کی فراہمی اور فنی و پیشہ وارانہ تربیت کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، ملک کے طول و عرض میں دانش سکول سسٹم کے تحت قابل بچوں کے لئے طبقات کے فرق کو مٹاتے ہوئے مکمل نگہداشت کے ساتھ اعلی تعلیمی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار سے ہم آہنگ فنی استعداد کار اور کارآمد ہنرمندی سے آراستہ کرنے کے لئے قومی سطح پر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کو مزید فعال کیا گیا ہے، نوجوانوں کے لئے باعزت روزگار، کاروبار اور معاشی مواقع ہی غربت کے خاتمے کے اصلی ضامن ہیں، حکومت، وزیراعظم یوتھ پروگرام، ’اڑان پاکستان‘، پاکستان بیت المال، پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف) جیسے دیگر اقدامات کے ذریعے ذرائع معاش اور بنیادی ڈھانچے میں بہتری سے غربت میں کمی کے لئے کوشاں ہے، یہی اقدامات رہائش، توانائی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں محرومیوں کا ازالہ کریں گے اور کمزور و مستحق خاندانوں کو اپنے ذرائعٔ معاش مستحکم کرنے اور معاشی خود انحصاری کی جانب بڑھنے میں مدد دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اس امر کے لئے بھی پُرعزم ہے کہ بچے، بزرگ شہری، خصوصی افراد اور معاشرے کے دیگر محروم و پسماندہ طبقات معاشی آسودگی حاصل کریں، انتہائی غریب اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو غربت سے نکالنے کے لئے بھی حکومت خصوصی منصوبے کا آغاز کر رہی ہےتاکہ انتہائی غریب گھرانوں کو غربت سے نکالنے کے لئے ایک جامع معاونتی پیکیج فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، حکومت صوبائی حکومتوں، ترقیاتی شراکت دار، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور مقامی آبادیوں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی سماجی و معاشی طور پر محفوظ، ذرائع معاش میں خودانحصار اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن پاکستان یقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئیے، ہم ایک خوشحال اور تابناک مستقبل کے حامل پاکستان کی تعمیر کے لئے اپنے اجتماعی عزم کی تجدید کریں تاکہ کوئی بھی فرد و طبقہ ترقی کے ثمرات سے محروم نہ رہے۔

 

مزید خبریں