صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے لیے مؤثر قانون سازی کے ساتھ مالی وسائل اور جوابدہی بھی ناگزیر ہیں، ڈاکٹر شاہدہ رحمانی

صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام اور خواتین کے تحفظ کے لیے محض قانون سازی کافی نہیں بلکہ مؤثر عمل درآمد، مناسب مالی وسائل اور ادارہ جاتی جوابدہی بھی ضروری ہے۔ قومی اسمبلی کی ویمنز پارلیمنٹری کاکس اور سیف گارڈنگ ریسورس اینڈ سپورٹ ہب پاکستان کے اشتراک سے جاری تحقیقی مطالعے میں صنفی لحاظ سے حساس بجٹ سازی، تحفظ کے اقدامات کے لیے فنڈز کی فراہمی اور پارلیمانی نگرانی …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام اور خواتین کے تحفظ کے لیے محض قانون سازی کافی نہیں بلکہ مؤثر عمل درآمد، مناسب مالی وسائل اور ادارہ جاتی جوابدہی بھی ضروری ہے۔ قومی اسمبلی کی ویمنز پارلیمنٹری کاکس اور سیف گارڈنگ ریسورس اینڈ سپورٹ ہب پاکستان کے اشتراک سے جاری تحقیقی مطالعے میں صنفی لحاظ سے حساس بجٹ سازی، تحفظ کے اقدامات کے لیے فنڈز کی فراہمی اور پارلیمانی نگرانی کی اہمیت اجاگر کی گئی ہے۔

قومی اسمبلی پاکستان کی ویمنز پارلیمنٹری کاکس (ڈبلیو پی سی) نے سیف گارڈنگ ریسورس اینڈ سپورٹ ہب (آر ایس ایچ) پاکستان کے اشتراک سے صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام، تحفظ اور اس سے متعلق مالی وسائل کی فراہمی کے موضوع پر ایک تحقیقی مطالعے کے خلاصہ نتائج جاری کر دیئے ۔جمعہ کو منعقدہ تقریب میں پارلیمنٹیرینز، تحفظ کے شعبے سے وابستہ ماہرین، ترقیاتی شراکت داروں اور صنفی امور کے ماہرین نے شرکت کی۔

شرکاء نے صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام، استحصال، بدسلوکی اور ہراسانی سے تحفظ، ادارہ جاتی جوابدہی اور پارلیمانی نگرانی کے لیے مالی وسائل کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا۔ تحقیقی مطالعے کا عنوان ’’صنفی بنیاد پر تشدد سے نمٹنے کے لیے صنفی لحاظ سے حساس بجٹ سازی میں جنسی استحصال، بدسلوکی اور ہراسانی سے تحفظ اور مالی وسائل کی فراہمی‘‘ ہے۔

رکن قومی اسمبلی اور ویمنز پارلیمنٹری کاکس کی سیکرٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے لیے صرف مضبوط قانون سازی کافی نہیں بلکہ مناسب مالی وسائل، موثر عمل درآمد اور جوابدہی بھی ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ صنفی لحاظ سے حساس بجٹ سازی کو مضبوط بنانے، سرکاری اخراجات کا جائزہ لینے اور خواتین کے تحفظ سے متعلق کیے گئے وعدوں کو عملی اور قابلِ پیمائش اقدامات میں تبدیل کرنے میں پارلیمنٹ کا اہم کردار ہے۔