محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ریجنل ڈائریکٹرز کی رواں سال کی کارکردگی کے ریکارڈز سامنے آنے کا سلسلہ شروع

محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ریجنل ڈائریکٹرز کی رواں سال کی کارکردگی کے ریکارڈز سامنے آنے کا سلسلہ شروع

لاہور۔17اکتوبر (اے پی پی):پنجاب بھر میں محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ریجنل ڈائریکٹرز کی رواں سال کی کارکردگی کے ریکارڈز سامنے آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، اس سلسلے میں ملتان ریجن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق محکمہ نے بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر230 ملزمان کو گرفتار کیا، مختلف مقدمات میں36 کروڑ19 لاکھ71 ہزار560 روپے ریکور کرکے سرکاری خزانے میں جمع کرائے، جبکہ رجسٹری فیس فراڈ کیس میں35 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

موثر تفتیش اور سرکاری محصولات کے تحفظ کے اقدامات کے نتیجے میں رواں سال رجسٹری فیس کی مد میں2 ارب18 کروڑ 87 لاکھ67 ہزار480 روپے اضافی ٹیکس بھی وصول کیا گیا، جبکہ پانچ مقدمات میں 9ملزمان کو عدالت سے سزائیں دلوائی گئیں۔ پی آر او اینٹی کرپشن کے مطابق ڈی جیاینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایات پر صوبہ بھر میں بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

اس سلسلے میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان ریجن بشارت نبی کی نگرانی میں تھانہ چہلیک میں درج مقدمہ نمبر 25-1917، رجسٹری فیس فراڈ، کی جامع تفتیش کی گئی، جس کے نتیجے میں 35 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔اس کارروائی سے رجسٹری فیس کی خردبرد کی روک تھام میں مدد ملی اور سرکاری محصولات کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا۔ ان کارروائیوں کا مقصد رجسٹری فیس کی خردبرد کی روک تھام، سرکاری محصولات کا تحفظ اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن ملتان ریجن نے رواں سال کے دوران 1410 درخواستیں نمٹائیں، جبکہ 995 انکوائریاں مکمل کیں۔ اس دوران196 مقدمات درج کرکے ان کی تفتیش مکمل کی گئی، جن میں110 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ رشوت ستانی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 89 ریڈ کیے گئے، جن میں19 لاکھ56 ہزار800 روپے کی نشان زدہ کرنسی برآمد ہوئی۔ ان کارروائیوں سے متعلق مقدمات میں98 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 19 اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کرکے قانون کی گرفت میں لایا گیا۔

اسی طرح مختلف مقدمات میں مجموعی طور پر 36 کروڑ 19 لاکھ71 ہزار560 روپے ریکور کرکے سرکاری خزانے میں جمع کرائے گئے۔ محکمہ کے مطابق بدعنوانی کے خلاف ان کارروائیوں سے سرکاری وسائل کے تحفظ، مالی بے ضابطگیوں کی روک تھام اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی میں مدد ملی۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے بدعنوانی اور رشوت ستانی کے خاتمے، عوامی شکایات کے موثر ازالے اور شفاف طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اینٹی کرپشن حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بدعنوانی اور رشوت ستانی سے متعلق شکایات محکمہ کو فراہم کریں، تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بروقت کارروائی کی جاسکے۔