یورپی یونین کا 2027 میں آرکٹک خطے کی نگرانی کا پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ

یورپی یونین کا 2027 میں آرکٹک خطے کی نگرانی کا پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ

برسلز ۔17اکتوبر (اے پی پی):یورپی یونین نے آرکٹک خطے میں نگرانی کا پروگرام 2027 میں شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کا مقصد علاقائی روابط بہتر بنانا اور امریکا و روس کے بڑھتے ہوئے عزائم کا مقابلہ کرنا ہے۔خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق یورپی یونین کی نئی آرکٹک حکمت عملی میں اس پروگرام کا ذکر کیا گیا ہے، جسے آئندہ ہفتے جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس پروگرام میں یورپی یونین کے کوپرنیکس اور گیلیلیو سیٹلائٹ نظام استعمال کیے جانے کا امکان ہے، جن کی مدد سے آرکٹک خطے میں خشکی اور سمندر دونوں مقامات پر ممکنہ خطرات کی نشاندہی کی جائے گی۔

دوسری جانب روسی وزارت خارجہ کے یورپی امور کے شعبے کے ڈائریکٹر اور آرکٹک کونسل میں روس کے سینئر عہدیدار ولادیسلاو ماسلینیکوف نے اس سے قبل کہا تھا کہ یورپی یونین آرکٹک خطے میں کشیدگی بڑھانے کی راہ پر گامزن دکھائی دیتی ہے اور بلند عرض البلد والے علاقوں میں تعاون کے معاملات کو سیاست سے الگ کرنے کے لیے تیار نہیں۔