اے این ایف کا افغانستان سے منسلک منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کی سرگرمیوں کےخلاف کریک ڈاؤن، کوئٹہ میں گاڑی سے 25 کلوگرام ہیروئن برآمد، ملزم گرفتار
اے این ایف کا افغانستان سے منسلک منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کی سرگرمیوں کےخلاف کریک ڈاؤن، کوئٹہ میں گاڑی سے 25 کلوگرام ہیروئن برآمد، ملزم گرفتار

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں کے سلسلے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران افغانستان سے منسلک منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کے ایک کارندے کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی۔
ہفتہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اے این ایف کے انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاع تھی کہ افغانستان کے سرحدی علاقے برامچہ سے سرگرم ایک منشیات سمگلنگ نیٹ ورک افغانستان سے منشیات بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں منتقل کرنے کے بعد کوئٹہ کے راستے سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں تک پہنچانے کی کوشش میں ہے۔
مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر اے این ایف ٹیم نے مشرقی بائی پاس سے متصل سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ کے قریب ایک گاڑی کو کامیابی سے روک کر تلاشی کے دوران گاڑی کے اندر انتہائی مہارت سے تیار کیے گئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 25 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کر لی جس کی مالیت 3کروڑ روپے سے زائد ہے۔
کارروائی کے دوران کار سوار ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔افغانستان سے منسلک منشیات سمگلنگ کے مبینہ نیٹ ورک کے خلاف یہ کارروائی اس عزم کی عکاس ہے کہ پاکستان کی سرزمین کو منشیات کی غیر قانونی ترسیل کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔
اے این ایف منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام، منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کا سدباب اور خصوصاً نوجوان نسل کو منشیات کے تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے ہمہ وقت سرگرمِ عمل ہے۔







