بین الاقوامی دن برائے خاتمۂ غربت پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا پیغام

بین الاقوامی دن برائے خاتمۂ غربت پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا پیغام

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):بین الاقوامی دن برائے خاتمۂ غربت پر چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی )سینیٹر روبینہ خالدنے اپنے پیغام میں غربت کے خاتمے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بی آئی ایس پی کے عزم کا اعادہ کیا۔ بی آئی ایس پی کی جانب سے ہفتہ کو جاری خصوصی پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ مالی معاونت، تعلیم، غذائیت اور فنی تربیت غربت کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مستحق خواتین کو مالی معاونت کی براہِ راست، شفاف اور باوقار فراہمی کے لیے ڈیجیٹل والٹ نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے ذریعے ایک کروڑ سے زائد خواتین بینیفشریز کو سہ ماہی بنیادوں پر مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد بچوں کا اندراج مکمل کیا گیا ہے ،بینظیر تعلیمی وظائف بچوں کو تعلیم جاری رکھنے اور غربت کے چکر کو توڑنے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور 2 سال سے کم عمر بچوں کو مشروط مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، بینظیر نشوونما پروگرام سے 33 لاکھ سے زائد خواتین اور بچے مستفید ہو چکے ہیں، بینظیر نشوونما پروگرام ماں اور بچے کی بہتر غذائیت اور بچوں میں نشوونما کی کمی کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ آغا خان یونیورسٹی مڈ لائن سٹڈی کے مطابق بینظیر نشوونما کی بدولت 6 ماہ کی عمر کے بچوں میں اسٹنٹنگ کی شرح میں 20 فیصد کمی ہوئی ہے،بینظیر ہنرمند پروگرام کے ذریعے مستحق خواتین اور ان کے اہلِ خانہ کو فنی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی تحقیق کے مطابق، بی آئی ایس پی کے تحت خرچ کئے جانے والے ایک روپیہ سے مقامی معیشت میں 2.34 روپے کا اضافہ ہوتا ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ غربت کے پائیدار خاتمے کے لیے مالی معاونت کے ساتھ تعلیم، بہتر غذائیت اور ہنرمندی کے مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔