وزیرِ خزانہ کی شارجہ اسلامک بینک کے وفد سے ملاقات
وزیرِ خزانہ کی شارجہ اسلامک بینک کے وفد سے ملاقات، مالیاتی ذرائع، سرمایہ کاری کے مواقع اور سکوک کے اجرا میں شرکت کے لیے بینک کی آمادگی پر تبادلۂ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں 2026 کے موقع پر شارجہ اسلامک بینک کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی معاشی پیش رفت اور مالیاتی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے ہفتہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پروزیرِ خزانہ نے مالیاتی اور بیرونی شعبوں کے اشاریوں میں بہتری، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پیش رفت کو اجاگر کیا۔ ملاقات میں سکوک کے ممکنہ اجرا، روپے میں مالیت اور ڈالر میں ادائیگی والے مالیاتی ذرائع، مزید پانڈا بانڈز کے اجرا اور یورو بانڈز کی ٹوکنائزیشن کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔
انہوں نے مجموعی بیرونی قرضوں میں اضافہ کیے بغیر مہنگے قلیل مدتی قرضوں کی جگہ بہتر مالیاتی ذرائع اختیار کرنے، قرضوں کی ادائیگی کی مدت بڑھانے اور ادائیگیوں کے بوجھ کو مختلف ادوار میں متوازن رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں جانب سے ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (MIGA) کی ضمانت سے مالی معاونت اور عالمی سطح پر مالی وسائل کے حصول کی بڑھتی ہوئی لاگت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شارجہ اسلامک بینک کے وفد نے پاکستان کے ساتھ تعاون کی حمایت کا اعادہ کیا اور سکوک کے اجرا میں شرکت کے لیے آمادگی ظاہر کی۔
وزیرِ خزانہ نے ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری اور ہوائی اڈوں کے انتظام کو آؤٹ سورس کرنے کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا ذکر کیا۔ ملاقات میں مالیاتی اداروں کی جانب سے سکیورٹیز کے اجرا کے ذریعے سرمایہ منڈیوں کے لیے معیاری حوالہ جاتی پیمانے تشکیل دینے اور کاروباری اداروں، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) اور زرعی شعبے کے لیے قرضوں کی فراہمی بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔








