وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسرحلیل دمیر نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی۔ وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے حلیل دمیر اور امریکی وفد کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے …
وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی ‘زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ’ کے سی ای او سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسرحلیل دمیر نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی۔ وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے حلیل دمیر اور امریکی وفد کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل ،بریچ اور ‘زکوٰۃ فاؤنڈیشن پاکستان’ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں غربت کے خاتمے، سماجی تحفظ کو مضبوط بنانے اور معاشرے کے مستحق اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے مستحق خاندانوں، بیواؤں، یتیم بچوں، معذور افراد اور دیگر کمزور گروہوں کی معاونت کے لیے مشترکہ اقدامات کے امکانات پر گفتگو کی۔ شرکاء نے تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، مہارتوں کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ، قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے، بنیادی طبی سہولیات تک رسائی کو آسان بنانے اور مستحق خاندانوں کو پائیدار معاشی خود انحصاری کے قابل بنانے کے لیے تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے غربت کے خاتمے اور معاشرے کے کمزور طبقات کو معاشی و سماجی تحفظ فراہم کرنے کے لیے حکومتِ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی فلاحی تنظیموں اور سرکاری اداروں کے درمیان مؤثر شراکت داری، ضرورت مند افراد کی بنیادی خدمات تک رسائی کو مزید بہتر بنا سکتی ہے۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ غربت کے پائیدار خاتمے کے لیے صرف مالی امداد کافی نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات کی اہمیت اجاگر کی کہ مستحق افراد کو تعلیم، مہارتوں کی ترقی، روزگار اور معاشی مواقع تک رسائی فراہم کی جائے تاکہ وہ مستقل طور پر خود انحصار بن سکیں۔
شرکاء نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈاورزکوٰۃ فاؤنڈیشن کے مابین ممکنہ اشتراکِ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا، جس میں وسائل کے مؤثر استعمال اور پسماندہ طبقات کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے فلاحی اقدامات کے نفاذ پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔اجلاس کے اختتام پر فریقین نے غربت کے خاتمے، سماجی تحفظ اور انسانی فلاح و بہبود کے شعبوں میں باہمی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور مستقبل میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔







