ہماری فارن سروس ایک مضبوط اور زیادہ خوشحال پاکستان کی تعمیر میں دیرپا کردار ادا کرتی رہے گی،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزارتِ خارجہ کے ان تمام مرد و خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے ماضی اور حال میں پاکستان کے قومی مفادات کے فروغ اور دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے اپنی زندگیاں وقف کیں، مستقبل کی جانب دیکھتے ہوئے ہمیں اتحاد، پیشہ ورانہ مہارت، دوراندیشی …

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزارتِ خارجہ کے ان تمام مرد و خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے ماضی اور حال میں پاکستان کے قومی مفادات کے فروغ اور دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے اپنی زندگیاں وقف کیں، مستقبل کی جانب دیکھتے ہوئے ہمیں اتحاد، پیشہ ورانہ مہارت، دوراندیشی اور عزم و استقلال کے ساتھ خارجہ پالیسی کے ابھرتے ہوئے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ثابت قدم رہنا ہوگا، بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن اور اصولوں کی روشنی میں ہمیں ایک ایسے پاکستان کے قیام و استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہییں جو پُرامن، ترقی پسند، خوشحال اور اقوامِ عالم میں باوقار مقام کا حامل ہو ۔ـ

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ سفارتی خدماتِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اپنی وزارتِ خارجہ کے ان تمام مرد و خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے ماضی اور حال میں پاکستان کے قومی مفادات کے فروغ اور دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے اپنی زندگیاں وقف کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بالخصوص وزارتِ خارجہ کے ان بانی افسران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے قیامِ پاکستان کے ابتدائی برسوں میں غیر معمولی طور پر کٹھن حالات میں عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی موجودگی کو مستحکم کرنے کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ اس دور میں، جب پاکستان عالمی برادری میں اپنی جگہ بنا رہا تھا، ان افسران نے قومی دفاع کیلئے صفِ اول میں کھڑے ہو کر عزم، حوصلے اور مقصد سے غیر متزلزل وابستگی کے ساتھ ملک کی نمائندگی کی۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان کی فارن سروس نے ممتاز سفارت کاروں کی ایسی نسلیں تیار کی ہیں جنہوں نے غیر معمولی ذہانت، پیشہ ورانہ مہارت، اخلاقی جرأت، معاملہ فہمی اور ضرورت پڑنے پر ذاتی بہادری کا مظاہرہ کیا۔ ان کی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان نے اپنی شراکت داریوں کو مستحکم کیا، دوطرفہ، علاقائی اور کثیرالفریقی فورمز پر اپنے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کیا اور تیزی سے پیچیدہ ہوتے عالمی ماحول میں اپنے قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا، آج بھی ہمارے سفارت کار بھرپور امتیاز کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ملک کی سفارتی، اقتصادی اور تزویراتی شراکت داریوں کو وسعت دینے، پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور بیرونِ ملک ہمارے قومی مفادات اور امنگوں کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال بھی پاکستان کی فارن سروس نے مسلسل سفارت کاری، مکالمے اور روابط کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھی ہیں، ہمارے سفارت کاروں نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان روابط کے فروغ کیلئے پاکستان کی سہولت کاری میں معاونت فراہم کی، جس کے نتیجے میں اسلام آباد مذاکرات منعقد ہوئے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے (مکہ معاہدے) نے تزویراتی تعاون کے نئے امکانات پیدا کیے ہیں، جبکہ وزارتِ خارجہ نے اس شراکت داری کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، یہ کوششیں بیرونِ ملک پاکستان کے مفادات کے فروغ کے لیے ہمارے سفارتی افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لگن کی عکاس ہیں۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے سفارت کار باہمی اعتماد کی فضا قائم کرنے، شراکت داریوں کو مزید مستحکم بنانے اور تنازعات کے پُرامن حل کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی جانب دیکھتے ہوئے ہمیں اتحاد، پیشہ ورانہ مہارت، دوراندیشی اور عزم و استقلال کے ساتھ خارجہ پالیسی کے ابھرتے ہوئے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ثابت قدم رہنا ہوگا،بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن اور اصولوں کی روشنی میں ہمیں ایک ایسے پاکستان کے قیام و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہییں جو پُرامن، ترقی پسند، خوشحال اور اقوامِ عالم میں باوقار مقام کا حامل ہو، مجھے یقین ہے کہ پاکستان کے قومی اہداف کے حصول کیلئے مسلسل عزم اور شعوری کاوشوں کے ذریعے ہماری فارن سروس ایک مضبوط اور زیادہ خوشحال پاکستان کی تعمیر میں دیرپا کردار ادا کرتی رہے گی۔

 

مزید خبریں