سانحۂ کارساز کے شہدا کی قربانیاں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، صدر مملکت
سانحۂ کارساز کے شہدا کی قربانیاں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، صدر مملکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے سانحۂ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی، عوام کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کا تحفظ سانحۂ کارساز کے شہدا کی قربانیوں کا تقاضا ہے۔ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سانحۂ کارساز کے 19 سال مکمل ہونے پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہدا کی قربانیاں پاکستان کی قومی تاریخ کا روشن باب ہیں،شہید محترمہ بینظیر بھٹو جان کو لاحق خطرات کے باوجود ثابت قدم رہیں، ان کی جرأت اور قربانی جمہوریت، امن اور انصاف کے علمبرداروں کے لیے مشعل راہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہدا کی قربانیاں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، سانحۂ کارساز کے شہدا کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے عزم کا سرچشمہ رہیں گی۔صدر مملکت نے سانحۂ کارساز کے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔








