دہشت گردی اور انتہاپسندی کے بزدلانہ حملے پی پی پی کارکنوں کے فولادی عزم کو متزلزل نہیں کر سکے، قادر خان مندوخیل کا سانحہ کارساز کے شہدا کو خراجِ عقیدت

قادر خان مندوخیل کا سانحہ کارساز کے شہدا کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قادر خان مندوخیل نے سانحہ کارساز کے شہدا کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر پاکستان کی ملکی سیاسی تاریخ کا ایک انتہائی المناک اور سیاہ ترین باب ہے، شہدا کارساز نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے جمہوریت کی شمع کو اپنے لہو سے روشن کیا، جیالوں نے اپنی جانیں قربان کر کے قائد محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی حفاظت کی۔

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں قادر خان مندوخیل نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے بزدلانہ حملے پی پی پی کارکنوں کے فولادی عزم کو متزلزل نہیں کر سکے،جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جیالوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کارساز کا پاکیزہ لہو آج بھی ہمیں ہر قسم کی آمریت اور فاشزم کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ دیتا ہے۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور شہدائے کارساز کا مشن ہر صورت جاری رہے گا۔ قادر خان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے غیور اور وفادار کارکنوں کے خون کے ایک ایک قطرے کی امین ہے۔ ہم سانحہ کارساز کے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہیں،ان کی لازوال قربانی کو تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔