سانحۂ کارساز کے شہدا کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں، بلاول بھٹو زرداری
سانحۂ کارساز کے شہدا کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں، بلاول بھٹو زرداری

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحۂ کارساز کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر ملکی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر دہشت گردی کے ذریعے انہیں نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کی گئی،استقبال کے لیے آنے والے جیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اپنی قائد کی حفاظت کی،سانحۂ کارساز کے جیالوں نے جمہوریت اور عوام کے حقِ حکمرانی سے غیر متزلزل وابستگی کا بے مثال عملی ثبوت دیا۔
انہوں نے کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہدا کا لہو گواہی دیتا ہے کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور تشدد جمہوریت کے لیے پیپلز پارٹی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہدا کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں، قوم انہیں ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن آئین کی بالادستی اور عوام کی حکمرانی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مساوات، سماجی انصاف اور پُرامن، خوشحال و ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر شہید بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا مشن ہے،
پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری اداروں کے استحکام، آئین کے تحفظ اور عوام کے حقوق کی پاسداری کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہدا کی یاد جمہوریت، ثابت قدمی اور قربانی کے عہد کی تجدید ہے،سانحۂ کارساز کے شہدا کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنیں گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے عوام کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سانحۂ کارساز کے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔








