پاکستان بحرانوں سے نکل کر پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے ،وفاقی ٹیکس کوآرڈینیٹر

پاکستان بحرانوں سے نکل کر پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے ،وفاقی ٹیکس کوآرڈینیٹر

لاہور۔18اکتوبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان بحرانوں سے نمٹنے کے مرحلے سے نکل کر پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، تاہم طویل مدتی معاشی استحکام کے لیے پالیسیوں میں تسلسل، سخت مالیاتی نظم و ضبط اور موثر عمل درآمد ناگزیر ہے۔اتوار کو تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کی کوششوں کو پائیدار ترقی، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی میں تبدیل کرنے کے لیے مستقل معاشی فریم ورک ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسیوں میں بار بار تبدیلیوں سے کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوتی ہے، جس سے صنعتی توسیع، روزگار کے مواقع اور برآمدی مسابقت متاثر ہوتی ہے۔ موثر اور شفاف عمل درآمد کے ذریعے کاروباری اعتماد بحال کیا جا سکتا ہے۔ سیف الرحمان نے کہا کہ قومی آمدن بڑھانے اور سرکاری مالی وسائل پر دبائو کم کرنے کے لیے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا، ٹیکس ادائیگیوں کی تعمیل بہتر بنانا اور ٹیکس چوری کی روک تھام ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیچیدگیوں سے پاک موثر ٹیکس نظام رضاکارانہ ٹیکس ادائیگیوں کی حوصلہ افزائی اور کاروبار کے لیے مساوی مواقع فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، تجارت میں سہولت اور برآمدی صنعتوں کی معاونت پر زور دیا۔ ان کے مطابق پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے حکومتی اداروں، پالیسی سازوں اور کاروباری برادری کے درمیان قریبی رابطہ اور موثر ہم آہنگی ضروری ہے۔

مزید خبریں