کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ملک گیر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے،میاں کاشف اشفاق

کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ملک گیر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے،میاں کاشف اشفاق

لاہور۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق، تمغہ امتیاز نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے 2028 تک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے قرضوں کی فراہمی 2.2 ٹریلین روپے تک بڑھانے کا ہدف پائیدار معاشی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

خواتین کاروباری شخصیات کے وفد، جس کی قیادت آمنہ عبداللہ آرائیں کر رہی تھیں، سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ایس ایم ایز میں معاشی ترقی اور روزگار کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے پسماندہ علاقوں میں کاروباری مواقع پیدا کرنے پر زور دیا تاکہ شہری مراکز کی جانب نقل مکانی کم اور متوازن علاقائی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے عالمی ای کامرس کمپنی علی بابا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے تحت دو سال میں ایس ایم ایز سے وابستہ 10 ہزار افراد کو تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے مقامی زبانوں میں کاروباری رہنمائی کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ہیلپ لائن کے منصوبے کو بھی سراہا۔انہوں نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی پر زور دیا کہ ملک بھر میں دفاتر قائم کیے جائیں تاکہ کاروباری مشاورت، قرضوں اور دیگر سہولیات تک رسائی آسان ہو۔

انہوں نے نوجوانوں اور خواتین کو جدید آئی ٹی مہارتوں کی تربیت دینے اور کاروباری قرضوں کے حصول، قابل عمل کاروباری منصوبوں کی تیاری اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے ملک گیر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔